نئی دہلی : مرکزی وزارت اقلیتی امور مختار عباس نقوی کی پہل پر حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2018ء کے حج سفر شروع ہونے سے قبل ہی عازمین حج کی فلائٹ بکنگ کی آن لائن تصدیق کی ہے ۔اس فیصلہ سے عازمین کے لئے سہولت کا سبب بنے گا ۔اس تعلق سے مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ حج ۲۰۱۸ ء میں ہندوستانی عازمین کے حق میں کئی فیصلہ لئے گئے ہیں ۔
اورا سکا مقصد عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ فیصلہ سے ملک بھر کے دوردراز علاقوں اور دیہات علاقوں میں عازمین کو اپنے سفر یعنی فلائٹ کو لے کر پس و پیش کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔ لیکن اب انہیں راحت ملے گی ۔اب وہ فلائٹ کی تازہ معلومات سے آگاہ ہوتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس بار ہندوستان سے ایک لاکھ ۷۵؍ ہزار عازمین حج پر جارہے ہیں ۔
حج کمیٹی کے سی ای او ڈاکٹر مقصود احمد خان نے کہا کہ عازمین او ران کے اقارب گھر بیٹھے فلائٹ بکنگ کی آن لائن تصدیق کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے آن لائن کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے کئی لوگوں کو امبارکیشن پوائنٹ پہنچنا پڑتا تھا ۔
جو دور دراز کے رہنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سہولت مہیاہو نے پر لوگ اپنی فلائٹ کی تاریخ سے ایک دن قبل روانگی والے شہر پہنچیں گے ۔
اس سے ان کے وقت اور پیسہ دونوں کی بچت ہوگی ۔