طیرانگاہ پر حادثہ ٹل گیا انڈیگو کا طیارہ رن وے سے آگے نکل گیا

نئی دہلی ۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر آج صبح ایک خوفناک حادثہ ٹل گیا جب وشاکھاپٹنم روانہ ہونے والی ایک فلائیٹ غلط راستہ (ٹیکسی وے) پر داخل ہوگئی جہاں پر پہلے ہی سے جیٹ ایرویز کا ایک طیارہ ٹھہرا ہوا تھا۔ تاہم ایر ٹریفک کنٹرول نے پائلٹ کو بروقت چوکس کردیا۔ نگرانکار ادارہ ڈائرکٹر جنرل سیول ایویشن نے آج صبح 5.40 بجے پیش آئے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ جس کی وجہ سے ایرپورٹ پر طیاروں کی آمد و رفت متاثر ہوگئی۔ انڈیگو کا کہنا ہے کہ کہر کی وجہ سے حد بصارت میں کمی سے یہ واقعہ پیش آیا ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد تقریباً ایک گھنٹہ تک رن وے 28 دستیاب نہیں ہوسکا جس کے باعث متعدد فلائٹس کی روانگی میں تاخیر اور بعض آنے والے طیاروں کا رُخ موڑ دیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ انڈیگو فلائٹ 6E719 (نئی دہلی ۔ وشاکھاپٹنم) کو سی لائن پر ٹیکسی پرمیشن دیا گیا ہے اور اُسے رن وے 28 سے گزرنا تھا۔ لیکن ایر کرافٹ کمانڈر کو رن وے سے آگے نکلنے کے بعد محسوس ہوا کہ وہ ڈبلیو لائن پر آگیا ہے جہاں پر پہلے ہی سے جیٹ ایرویز کا طیارہ ٹھہرا ہوا تھا جس کے فوری بعد طیارہ کو پیچھے ڈھکیلنے کے لئے انڈیگو نے ایرپورٹ حکام سے رابطہ قائم کیا لیکن گہرے کہر اور دھند کی وجہ سے یہ کام بروقت انجام نہیں دیا جاسکا جس کے دوران طیاروں کی آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہوگئی۔