ممبئی میں آندھی اور ژالہ باری، مزید بارش کی پیش قیاسی، گجرات میں بارش
نئی دہلی 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ طوفان اوکھی سے پیدا ہونے والی صورتحال پر وہ مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ یہ طوفان کیرالا، ٹاملناڈو اور لکشدیپ کے بعض علاقوں سے ٹکرانے کے بعد گجرات کی سمت بڑھ رہا ہے۔ وزیراعظم مودی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’تمام متعلقہ حکام اور عہدیداروں سے بات چیت کی گئی ہے۔ متاثرین کو ممکنہ مدد فراہم کی جارہی ہے‘‘۔ انھوں نے گجرات میں بی جے پی ورکرس پر زور دیا کہ وہ اپنی ریاست میں عوام کی مدد کریں جہاں اس طوفان کے خطرات لاحق ہیں۔مرکزی وزیرصحت جے پی نڈا نے وزرائے صحت گجرات اور ٹاملناڈو سے بات چیت کی اور مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد کا تیقن دیا۔ ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب ممبئی طوفان اوکھی کے خطرہ کا سامنا کررہا ہے جہاں اطراف کے علاقوں میں آج صبح طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی اور احتیاطی تدابیر کے طور پر اس شہر کے علاوہ متصلہ اضلاع میں تمام اسکولوں اور کالجوں کو آج بند کردیا گیا۔ پولیس نے کہاکہ ممبئی ۔ پونا ایکسپریس وے کے چند حصوں میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ ممبئی کے چند حصوں میں گزشتہ شب بارش کے بعد مشرقی و مغربی ایکسپریس ویز پر ٹریفک کی آمد و رفت میں کمی دیکھی گئی۔ جبکہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی برسی کے موقع پر ان کے حامیوں کے ہجوم کے پیش نظر بعض مقامات پر ٹریفک تحدیدات عائد کی گئی ہیں۔ ممبئی میں ہندوستانی محکمہ موسمیات نے آج صبح 8 بجے جاری کردہ رپورٹ میں کہاکہ ’’ساحلی اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 تا 60 کیلو میٹر فی گھنٹہ اور چند مقامات پر 70 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ اس ادارہ نے مزید کہاکہ ممبئی اور اس کے مضافات میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران وقفہ وقفہ سے بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے ممبئی آفس کی طرف سے چوکسی کی ہدایت کے بعد مہاراشٹرا کی ریاستی حکومت نے ممبئی، سندھو درگ، تھانے، رائے گڑھ اور پال گھر اضلاع میں تمام اسکولوں کو تعطیل دینے کا اعلان کیا۔احمد آباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب گجرات میں عہدیداروں نے کہا ہے کہ طوفان اوکھی آج سورت کے جنوبی ساحل کے قریب پہونچ گیا اور اندیشہ ہے کہ نصف شب کے بعد ریاست پر اس کے اثرات مرتب ہوں گے۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین پیش قیاسی کے مطابق طوفان اوکھی اب سورت سے صرف 390 کیلو میٹر دور ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہاکہ بحیرہ عرب میں سرگرم یہ طوفان تیزی کے ساتھ گجرات کی طرف بڑھ رہا ہے اور اب سورت سے صرف 390 کیلو میٹر دور ہے اور آدھی رات تک سورت کے ساحل سے ٹکرائے گا۔ جس کے اثر سے گجرات اور مہاراشٹرا کے ساحلی اضلاع میں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ اس دوران گجرات کے کئی اضلاع میں محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق آج صبح بارش ہوئی اور تقریباً ساری ریاست پر بادل چھائے رہے۔ ریاستی محکمہ مال کے پرنسپال سکریٹری پنکج کمار نے کہاکہ کم سے کم 9 اضلاع میں آج صبح سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سب سے زیادہ 25 ملی میٹر بارش جنوبی گجرات کے دھرما پور ٹاؤن میں ری کارڈ کی گئی۔مرکز کی اطلاع کے بموجب طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد تاحال 39 ہوگئی جبکہ 167 ماہی گیر لاپتہ ہیں۔