امیت شاہ کے جلسے منسوخ ، وسندھرا راجے ، راہول کے طیارہ کی دوسرے مقام پر لینڈنگ
احمدآباد،5دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)گجرات کی طرف بڑھ رہے سمندری طوفان اوکھی کے اثر سے ریاست کے کئی حصوں میں خراب موسم اور بارش کی وجہ سے اسمبلی انتخابات کے لئے تشہیر کا کام بھی متاثر ہوا ہے اور بی جے پی صدر امت شاہ ،اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور راجستھان کی وزیراعلی وسندھرا راجے سندھیا سمیت کئی دیگر لیڈران کے جلسے اور پروگرام منسوخ کئے گئے ہیں۔آج ہی سے گجرات کے سہ روزہ دورے پر پہنچے کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کے پروگرام میں تو کوئی تبدیلی نہیں کی گئی لیکن ان کا طیارہ بھی خراب موسم کی وجہ سے پہلے سے طے کنڈلا ہوائی اڈے کی جگہ بھج ہوائی اڈے پر اترا۔دریں اثنا وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کرکے گجرات میں متاثر علاقوں میں بی جے پی کارکنان سے لوگوں کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے ۔ہیلی کاپٹر کے اڑنے میں رکاوٹ کے پیش نظر مسٹر شاہ کی بھاو نگر کے سہور ،مہوا اور امریلی کے راجولا میں آج ہونے والی میٹنگ اور محترمہ راجے کے سورت کے مجورا ہونے والے جلسے کو بھی منسوخ کردیاگیا۔دوسری طرف مشہور بھوجپوری گلوکار اور سپراسٹار اور بی جے پی رہنما منوج تیواری اور یوگی آدتیہ ناتھ کے سورت میں مجوزہ پروگرام کو بھی منسوخ کی گیا ہے ۔نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری پرفل پٹیل،مرکزی وزیر پروشوتم روپالا،کانگریس لیڈر راج ببر کا جوناگڑھ کا جلسہ وغیرہ سبھی کو اسی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے ۔مسٹر گاندھی بھج ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد انجار کے لئے روانہ ہوگئے جہاں وہ ایک جلسے سے خطاب کرکے دورے کی شروعات کریں گے ۔اوکھی کے آج دیررات سورت میں گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کا خدشہ ہے ۔اس کے پیش نظر جنوبی گجرات اور سوراشٹر جہاں 9دسمبر کو پہلے مرحلے میں الیکشن ہونا ہے ،موسم بے حد خراب ہوگیا ہے اور کئی مقامات پر بارش بھی ہورہی ہے ۔محکمہ موسمیات نے آج اور کل کچھ مقامات پر شدید بارش کی وارننگ بھی جاری کی ہے ۔ان علاقوں میں تشہیر کی آخری تاریخ 7دسمبر ہے ۔