طلبہ کے تابناک مستقبل میں اساتذہ کا اہم کردار

کریسنٹ اسکول میں سائنس نمائش کا افتتاح، جناب عامر علی خان و دیگر کا خطاب

حیدرآباد۔23جنوری(سیاست نیوز) نیوز ایڈیٹر سیاست و صدر سائنس فیئر اکیڈیمی جناب عامر علی خان نے کہاکہ طلبہ کے اندر تحقیقی جذبے کو فروغ دینے میںاہم رول ادا کرنے والے اساتذہ کی خدمات کوکبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا ۔جنا ب عامر علی خان نے کہاکہ کامیاب طالب علم کے پیچھے شب روز محنت کرنے والے اساتذہ کی خدمات کارفرما رہتی ہے ۔ وہ آج یہاں کرسینٹ اسکول دیوان دیوڑھی میں سائنس فیئر اکیڈیمی کے زیر اہتمام منعقدہ سائنس نمائش میںمختلف اسکولوں کے طلبہ سے مخاطب تھے۔ جناب عامر علی خان نے کہاکہ بنیادی ضررتوں کی تکمیل کے لئے سائنسی تحقیق کااستعمال کرنے کی ضرورت ہے ۔ کم عمری میں شعبہ سائنس میںتحقیقی جستجو بہترین مستقبل کی ضمانت ثابت ہوگا۔ نمائش میں مسٹر ای آر ناگیش کمارممبر سکریٹری سائنس اینڈ ٹکنالوجی ‘ حکومت تلنگانہ ‘ پروفیسر معین انصاری چیرمن بورڈ آف نیوٹریشن امریکہ ‘ محترمہ سمیرہ صارب رسول خان ڈائرکٹر شاداں گروپ آف انسٹیٹویشن ‘پروفیسر شوکت علی مرزا پی ایچ ڈی کمیسٹری‘ وائس چانسلر امریکن یونیورسٹی آف آر اے کے ‘ یواے ای ‘ محترمہ نسیم اختر نائب صدر سائنس فیئر اکیڈیمی تلنگانہ اسٹیٹ ‘جناب علی مسقطی نے مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور افتتاحی تقریب سے خطاب کیا ۔قبل ازیںسائنس نمائش میںحصہ لیکر اپنے فن تحقیق کا شاندار مظاہرہ کرنے والے طلبہ میںسائنس فیئر اکیڈیمی تلنگانہ اسٹیٹ کی جانب سے اسناد کی تقسیم بھی عمل میںلائی گئی۔اپنے سلسلے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے جنا ب عامرعلی خان نے نمائش میںحصہ لینے والے طلبا وطالبات کے بہتر مستقبل کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور مستقبل میںبہتر مزید مظاہروں کی امید بھی ظاہر کی ۔انہوں نے نمائش کے منتظمین کی بھی ستائش کی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ای آر ناگیش کمار نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے سائنس اور ٹکنالوجی کے فروغ پر توجہ دی جارہی ہے ۔ اس میںمحکمہ انفارمیشن اور ٹکنالوجی کی خدما ت سے بھی استفادہ کیاجارہا ہے ۔مستقبل میں سائنس فیئر اکیڈیمی ہذا کی جانب سے منعقد شدنی نمائش کو حکومت تلنگانہ کے متعلقہ محکمہ کے مکمل تعاون حاصل رہے گا۔جناب شوکت علی مرزا نے کہاکہ تحقیقی کاموں میںکامیاب کے لئے صبر وتحمل کے مظاہرے کی ضرورت ہے ۔ اسکولی طلبہ کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات اور سائنسی تخلیقات کی نمائش بھی ضروری ہے تاکہ طلبہ کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔محترمہ سمیرہ صارب رسول خان نے نمائش کے دوران طلبا وطالبات کے انداز بیان کی ستائش کی ۔