طلاق ثلاثہ قانون کا اتفاق رائے کے بعد نفاذ

بحری راستہ سے سفر حج حکومت کے زیرغور، مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کا بیان
ممبئی ۔ /14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مسلمانوں میں طلاق ثلاثہ کے رواج کے خلاف قانون سازی اتفاق رائے پیدا ہونے کے بعد ہی کی جائے گی ۔ مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے ممبئی کے حج ہاؤز پروگرام میں شرکت کے دوران خطاب کرتے ہوئے اس کا انکشاف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے مختلف طبقات کی جانب سے مختلف تجاویز وصول ہورہی ہیں جن پر تمام دلچسپی رکھنے والے افراد سے تبادلہ خیال جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت عازمین حج کی بحری راستہ سے سعودی عرب کے شہر جدہ تک سفر پر غور کررہی ہے ۔ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی حکومت نے تشکیل دی ہے تاکہ سپریم کورٹ کے 2012 ء کے حکمنامہ کے مطابق حج پالیسی 2018 ء تشکیل دی جائے اور عازمین حج کو بحری راستہ سے جدہ پہونچانے کے متبادل طریقہ پر غور کیا جائے ۔ وہ حج ہاؤز میں حج تربیتی پروگرام میں شرکت کرنے والوں سے خطاب کررہے تھے ۔