طالبان سے بات چیت کیلئے خواتین کو بھی شامل کیا جائے : انجلینا جولی

نیویارک ۔ 11اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی قاصد انجلینا جولی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے جو بات چیت چل رہی ہے اس میں خواتین کی شرکت کو بھی یقینی بنائے جانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر گفت و شنید میں خواتین کو شامل نہیں کیا گیا تو پائیدار امن کا قیام مشکل ثابت ہوگا ۔ ٹائم میگزین کے ایک اوپنین کالم میں انہوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی قابل لحاظ تعداد کو بات چیت کے عمل میں شامل کرنا چاہیئے جو طالبان کے ساتھ کی جارہی ہے ۔ یاد رہے کہ 1990ء کے دہے میں افغانستان میں طالبان کی حکمرانی تھی اور اس وقت وہاں خواتین کے حقوق کو کچل کر دکھ دیا گیا تھا ۔ لہذا اب وقت آگیا ہے کہ افغان خواتین بھی اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھائیں جس کیلئے خاتون مذاکرات کاروں کو بھی بات چیت کا حصہ بنانا چاہیئے جو سیول سوسائٹی کی نمائندگی کرتی ہوں ۔