ضرورت مند ہونہار طلبہ کی مدد ملت کا فریضہ : زاہد علی خاں

بی بی ایم طالبہ کو فیض عام ٹرسٹ کی امداد ، طلبہ کی حوصلہ افزائی ناگزیر
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : دنیا میں علم قدرت کا ایک ایسا تحفہ ہے جو اللہ تعالیٰ اپنے خاص بندوں کو عطا کرتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ علم اور عالم کے سامنے دولت و شہرت اور دنیا کی دیگر نعمتوں کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی ۔ علم ہی وہ واحد شئے ہے جو تقسیم کرنے سے کم نہیں ہوتی بلکہ اس میں مسلسل اضافہ ہوتا رہتا ہے ۔ اس نعمت کو کوئی چرا بھی نہیں سکتا ۔ اللہ تعالیٰ اپنے جن بندوں پر رحم کرنا چاہتا ہے انہیں سمجھ یعنی علم عطا کرتا ہے اور اللہ کے ایسے بندے بھی ہیں جو حصول علم کا شوق اور تڑپ رکھنے والے نونہالان ملت کی بھر پور مدد کرتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتا کیوں کہ انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ نونہالان ملت میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ بس انہیں حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی ضرورت ہے ۔ اللہ کے ایسے ہی بندوں میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین جیسی شخصیتیں بھی شامل ہیں جو ہونہار طلبہ کی مدد و رہنمائی میں آگے آگے رہتے ہیں ۔ آج دفتر سیاست میں ایک ہونہار طالبہ ثانیہ فاطمہ بنت عزیز الدین کو بی بی ایم سال اول کی فیس کے طور پر 40,000 روپئے پیش کئے گئے ۔ زیبا باغ آصف نگر کے رہنے والے سید عزیز الدین اور عرفانہ عزیز کی اس ہونہار بیٹی نے انٹر میڈیٹ میں 87 فیصد نمبرات حاصل کئے اور پھر سینٹ اینس کالج مہدی پٹنم میں بیچلر آف بزنس مینجمنٹ میں داخلہ لیا ۔ فیس کی ادائیگی سے پریشان والدین نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ربط پیدا کیا ۔ جنہوں نے مالی تعاون کے لیے فیض عام ٹرسٹ کے سکریٹری جناب افتخار حسین سے سفارش کی ۔ افتخار حسین صاحب ، ہمیشہ ملت کے ضرورت مند ہونہار طلبہ کی مدد کے لیے بے چین رہتے ہیں چنانچہ ثانیہ فاطمہ کو فیض عام ٹرسٹ سے 15 ہزار روپئے کی امداد منظور کی گئی اور 25 ہزار روپئے خود جناب افتخار حسین نے اپنی جیب سے فراہم کیے اس طرح ایک مستحق اور ضرورت مند لڑکی کی مدد ہوگئی ۔ آپ کو بتادیں کہ ثانیہ فاطمہ کے والد کار ڈرائیور ہیں ۔ انہوں نے فینانس پر گاڑی لے رکھی ہے اور کسی کمپنی کے لیے کار چلاتے ہیں ۔ اس جوڑے کو چار بچے تین لڑکیاں اور ایک لڑکا ہے ۔ بڑی بیٹی نے بی کام کمپیوٹرس کیا اور ان کی شادی ہوگئی ہے ۔ دوسری لڑکی نے غیر معمولی تعلیمی مظاہرہ کے ذریعہ ایم بی بی ایس میں داخلہ لینے میں کامیابی حاصل کی ۔ اس لڑکی کو فری سیٹ ملی ہے ۔ ثانیہ فاطمہ کا تیسرا نمبر ہے چھوٹا بھائی ہے ۔ جو چوتھی جماعت میں زیر تعلیم ہے ۔ ثانیہ کو امدادی رقم کی ادائیگی کے موقع پر فیض عام ٹرسٹ کی مجلس عاملہ کے ارکان جناب سید حیدر علی ، جناب علی حیدر عامر اور ڈاکٹر شوکت علی مرزا صدر ، ہیلپنگ ہینڈ بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے تاحال ایسی کئی طالبات کی بھر پور مالی مدد کی ہے جو پیشہ وارانہ کورسیس میں دلچسپی رکھتی تھی اور جو غریب یا متوسط خاندانی پس منظر سے تعلق رکھتی ہیں ۔ جناب زاہد علی خاں نے اس لڑکی کی حوصلہ افزائی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بچیاں تعلیم پر توجہ مرکوز کررہی ہے جو ملت کے لیے خوش آئند رجحان ہے ۔ انہوں نے ضرورت مند طلباء وطالبات کی ممکنہ مدد کرنے کے لیے فیض عام ٹرسٹ کی بھی ستائش کی ۔۔