چیف الیکٹورل آفیسر پر ناکامی کا الزام ۔ الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی جائیگی ۔ اتم کمار ریڈی کا اعلان
حیدرآباد ۔ یکم اکتوبر ۔ ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس صدر اُتم کمار ریڈی نے تلنگانہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے میں ناکام ہوجانے کا چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار پر الزام عائد کیا ۔ کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کو نمبرون دھوکہ باز قرار دیا ۔ کانگریس قائدین کا گاندھی بھون میں ایمرجنسی اجلاس طلب کرکے انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ 2 اکتوبر سے ریاست بھر میں ایک ہفتہ تک ’جنا سمپرک ابھیان‘ تقاریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ بعد ازاں میڈیا کو بات بتائی ۔ اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج سکریٹری آر سی کنٹیا ، سکریٹری سلیم احمد ، قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر ، سابق وزرا ڈاکٹر جے گیتاریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، ورکنگ پریسیڈنٹس پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، پونم پربھاکر ، ملوبٹی وکرامارک کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ اُتم کمار نے کہا کہ ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوجانے کے باوجود کارگذار حکومت اور وزراء کی جانب سے سرکاری تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ تاہم چیف الیکٹورل آفیسر اس کی روک تھام میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ انھوں نے آر ٹی سی بسوں پر سرکاری اشتہارات سے چیف منسٹر و وزراء کی تصاویر نہ ہٹانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اس طرح شہر کے مختلف مقامات پر حکومت کی فلاحی اسکیمات میں کے سی آر اور وزرا کی تصاویر پر مشتمل بڑے ہورڈنگ کی نشاندہی کی۔ انھوں نے کہا کہ ملوبٹی وکرامارک کی قیادت میں کانگریس کا ایک وفد چیف سکریٹری اور چیف الیکٹورل آفیسر سے ملاقات کرکے اس کی شکایت کریگا ۔ فوری کارروائی نہ کرنے کی صورت میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن ریاست میں آزادانہ منصفانہ انتخابات کے معاملے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہا ہے صرف چند ضلع ہیڈکوارٹرس پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی جانچ کرائی ہے ۔ انھوں نے تمام حلقوں میں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی جانچ کا مطالبہ کیا اور تمام جماعتوں کے نمائندوں کو مدعو کرنے پر زور دیا۔ کے سی آر اور کے ٹی آر کی جانب سے ووٹنگ مشینوں سے چھیڑ چھاڑ کے شکوک پائے جاتے ہیں ۔ اُتم کمار نے چند ٹی وی چیانلس و اخبارات پر جانبداری کرکے حکمراں جماعت کی یکطرفہ تائید ‘ اپوزیشن کے خلاف گمراہ کن پیغام پہونچانے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیااور کہاکہ یہ لوگ حکمراں جماعت کی تائید میں قصیدے پڑھ رہے ہیں ۔ اُتم کمار نے چند میڈیا اونرس سے حکمراں جماعت کے تعلقات اور چند قائدین کی میڈیاہاؤزمیں حصہ داری کے بھی ریمارکس کئے ۔ میڈیا ہاؤز کی جانبداری کے خلاف کانگریس ‘الیکشن کمیشن سے نمائندگی کریگی ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس ہائی کمان کی ہدایت پر گاندھی جی کے 150 ویں یوم پیدائش پر 2 تا 10 اکتوبر تلنگانہ میں ’جن سمپرک ابھیان‘ کا اہتمام کیا جائیگا ۔ اُتم کمار نے کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کو نمبرون دھوکہ باز قرار دیا ۔ وعدوں کی عمل آوری میں ناکامی پر عوام سے غیرمشروط معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ۔ جھوٹے وعدوں کے ذریعہ اقتدار حاصل کرکے ریاست کو لوٹ لینے کاالزام عائد کیا۔