صومالیہ کے صدارتی محل کو نشانہ بنانے حملہ ۔ 6 افراد ہلاک

موغادیشو (صومالیہ ) ، 14 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام) صومالیائی سکیوریٹی فورسیس نے دارالحکومت کے صدارتی محل پر الشباب گروپ کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے تین تخریب کاروں کو گولی مار کر ہلاک کردیا ہے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ جملہ چھ افراد اس حملے میں ہلاک ہوئے ہیں جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے ۔ کیپٹن محمد حسین نے یہ بات بتائی اور کہا کہ حملے کے بعد صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے اور علاقہ میں سکیوریٹی کو سخت کردیا گیا ہے ۔ محمد حسین نے بتایا کہ آج دو پہر یہ حملہ ہوا تھا جبکہ ایک چیک پوائنٹ پر جو صدارتی محل کے قریب ہے ایک کار بم کا پتہ چلایا گیا تھا ۔ جب اس بندوق بردار کو روکا گیا اور فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا تھا قریب کے علاقہ میں ایک دوسرا کار بم دھماکہ ہوا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتے قبل بھی موغادیشو میں وزارت داخلہ کے احاطہ کے قریب اسی طرح کا حملہ ہوا تھا جس میں نو افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ صومالیہ سے کام کرنے والے الشباب تخریب کار گروپ کی جانب سے اکثر و بیشتر دارالحکومت کے ایسے علاقوں میں حملے کئے جاتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ الشباب نے ‘ جو القاعدہ سے الحاق رکھتا ہے ‘ اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقہ میں سرکاری افواج کی جانب سے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی ہے اور اس علاقہ کو تخریب کاروں سے پاک بنایا جا رہا ہے ۔ الشباب گروپ نے گذشتہ سال اکٹوبر میں ایک انتہائی ہلاکت خیز ٹرک بم دھماکہ کیا تھا جس میں ایک اندازہ کے مطابق کم از کم 500 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ یہ صومالیہ کی تاریخ کا سب سے ہلاکت خیز حملہ تھا ۔