واشنگٹن ۔ /3 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال عالم اسلام کو ناراض کرتے ہوئے رمضان کے مقدس ماہ میں وہائٹ ہاؤس کی روایت کو ختم کرتے ہوئے افطار پارٹی کا اہتمام نہیں کیا تھا لیکن اس سال انہوں نے وہائٹ ہاؤس میں افطار پارٹی کا اعلان کیا ہے ۔ وہائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے چہارشنبہ کو افطار پارٹی کے اہتمام کی توثیق کی ہے ۔ اگرچہ کہ اس افطار پارٹی میں شرکت کرنے والوں کے ناموں کی توثیق نہیں کی ہے ۔ سابق امریکی صدور نے باقاعدہ افطار پارٹیوں کا اہتمام کیا تھا ۔لیکن 2017 ء میں ٹرمپ نے امریکہ کے دو دہوں پرانی روایات کو ختم کرتے ہوئے افطار کا اہتمام نہیں کیا ۔ اس سے ان پر شدید تنقیدیں کی گئیں تھیں ۔ واشنگٹن ڈی سی کی مسجد کے امام طالب شریف نے ٹرمپ پر تنقید کی تھی ۔