وقف بورڈ سے مکمل تعاون کا تیقن
حیدرآباد۔/8 مئی، ( سیاست نیوز) مرکزی وزارت اقلیتی اُمورکے جوائنٹ سکریٹری جان عالم و سکریٹری سنٹرل وقف کونسل محمد جمال نے صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم کو تیقن دیا کہ اوقافی جائیدادوں کی ترقی کے سلسلہ میں مرکزہر ممکن تعاون کرے گا۔ محمد سلیم نے نئی دہلی میں ان دونوں سے ملاقات کی اور وقف بورڈ کے علاوہ حج سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ محمد سلیم نے کہا کہ مرکزی حکومت اور سنٹرل وقف کونسل کے تعاون کے بغیر کوئی بھی وقف بورڈ بہتر کام نہیں کرسکتا۔ اوقافی جائیدادوں سے مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کو یقینی بنانے ضروری ہے کہ جائیدادوں کو ترقی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں بھرپور تعاون کررہی ہے۔ جوائنٹ سکریٹری جان عالم نے تلنگانہ حکومت کی ستائش کی اور کہا کہ اوقافی جائیدادوں کی نشاندہی کیلئے جو علحدہ سروے کیا گیا وہ قابل ستائش ہے۔ دیگر ریاستوں کو بھی اس طرح کا سروے کرتے ہوئے اوقافی جائیدادوں کا تحفظ کرنا چاہیئے۔ سکریٹری سنٹرل وقف کونسل محمد جمال نے تیقن دیا کہ اوقافی جائیدادوں سے متعلق جو بھی مرکزی اسکیمات ہیں اس کے قواعد تلنگانہ کو ضرور ملیں گے۔ انہوں نے وقف ریکارڈ کے ڈیجیٹلائزیشن کی اسکیم پر تلنگانہ میں عمل آوری کی ستائش کی۔ دونوں کو محمد سلیم نے دورہ حیدرآباد کی دعوت دی تاکہ تلنگانہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کا جائزہ لیں۔