حیدرآباد۔/10اکٹوبر، ( سیاست نیوز) اے آئی سی سی اسکریننگ کمیٹی کے صدر نشین بھکتا چرن داس نے کانگریس قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں رائے حاصل کی۔ کل 10 تا دوپہر ایک بجے تک اضلاع کانگریس صدور اس کے بعد کانگریس کی محاذی تنظیموں کے نمائندوں سے اسکریننگ کمیٹی ملاقات کرے گی۔ شہر کے مضافات میں واقع گولکنڈہ ریسورٹ میں اے آئی سی سی اسکریننگ کمیٹی کے صدر نشین بھکتا چرن داس کے علاوہ دوسرے دو ارکان سے اے آئی سی سی انچارج سکریٹری ار سی کنٹیا، اے آئی سی سی سکریٹریز سلیم احمد، بوس راجو، سرینواس صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی، سابق قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی ، ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پونم پربھاکر کے علاوہ دوسرے قائدین نے ملاقات کی اور امیدواروں کے انتخاب کیلئے تیار کردہ فارمولے سے انہیں واقف کرایا۔ کانگریس کے قائدین سے اسکریننگ کمیٹی نے مشترکہ اور علحدہ علحدہ طور پر ملاقات کی۔ کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل پی سدھاکر ریڈی نے ضلع کھمم میں سی پی آئی کو نشستیں دینے سے کانگریس کو نقصان پہنچنے کے خدشات سے واقف کروایا۔ سابق مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا نے غیر محفوظ اسمبلی حلقوں پر بھی دلتوں کو بالخصوص مادیگا طبقہ کو زیادہ نشستیں دینے کانگریس کے تمام محاذی تنظیموں کے صدور کو بھی ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے سینئر قائد اے آئی سی سی سکریٹری وی ہنمنت راؤ نے 50 فیصد آبادی رکھنے والے بی سی طبقات کو زیادہ سے زیادہ نشستیں دینے پر زور دیا۔ اے آئی سی سی اسکریننگ کمیٹی نے آج دن بھر کانگریس کے امیدواروں اور ہم خیال جماعتوں سے اتحاد کرنے کی صورت میں ان کے لئے چھوڑی جانے والی نشستوں کا بھی جائزہ لیا۔