صدر ‘ نائب صدر ‘ وزیراعظم نے مہاتماگاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا

سونیا گاندھی کا آنجہانی وزیراعظم کو اورنائک‘اکھلیش اور بہار میںگاندھی جی اورشاستری کو خراج

نئی دہلی، 2 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) صدر پرنب مکرجی ‘نائب صدر حامد انصاری، وزیر اعظم نریندر مودی، مختلف پارٹیوں کے لیڈروں اور دیگر معروف شخصیات نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کوراج گھاٹ جا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر اعظم نے سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کے یوم پیدائش پر وجے گھاٹ جا کر انہیں گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ انہوں نے دو الگ الگ ٹویٹ کرکے دونوں عظیم رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مسٹر مودی نے پہلے لکھا، ‘پوجنیہ باپو کو شت شت نمن’۔ اس کے بعد دوسرے ٹویٹ میں انہوں نے کہا ‘لال بہادر شاستری جی کو ان کی جینتی پر نمن’۔وزیر اعظم کے علاوہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجری وال، نائب وزیر اعلی منیش سسودیا، مرکزی وزیر ونکیا نائیڈو، بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی، کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد سمیت تمام پارٹیوں کے لیڈروں نے راج گھاٹ جا کر بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس موقع پر منعقدہ ‘سرودھرم’ دعائیہ جلسہ میں شرکت کی۔تمام رہنما شاستری جی کی سمادھی وجے گھاٹ گئے

اور انہوں نے سابق وزیر اعظم کو گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ قبل ازیں سنیچر کی شام کو صدر پرنب مکرجی نے گاندھی جی کی یوم پیدائش تقریب کے موقع پر ‘سووکچھ’ اور ‘اہل’ ہندستان کا خواب پورا کرنے کے لئے مسلسل کوشش جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بابائے قوم کی رواداری اور عدم تشدد کے اصول کو دل و دماغ سے اپنا کر ہی انہیں سچا خراج عقیدت پیش کیا جاسکتا ہے ۔صدر نے ‘گاندھی جینتی’ کے موقع پر قوم کے نام جاری پیغام میں کہا ‘ہمیں ‘سووکچھ’ اور ‘اہل’ ہندستان کے خوابوں کو پورا کرنے کی سمت مسلسل کوشش کرنی چاہئے ۔ آئیے ، ہم اپنے بابائے قوم کی رواداری اور عدم تشدد کے اصولوں کو ہمیشہ اپنے دل و دماغ میں زندہ رکھ کر انہیں سچا خراج عقیدت پیش کریں’۔صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج آنجہانی وزیراعظم لال بہادر شاستری کو اُن کی یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ شاستری جی عوامی زندگی میں اعلیٰ ترین معیاروں پر آخری سانس تک عمل پیرا رہے ۔ اترپردیش کے گورنر رام نائک، وزیر اعلی اکھلیش یادو نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 147 ویں  یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔

گورنر مسٹر نائک اور وزیر اعلی اکھلیش یادو نے ودھان بھون کی عمارت واقع تلک حال اور جی پی اوپارک میں واقع گاندھی مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ نائک اور  یادو نے حضرت گنج واقع گاندھی آشرم پہنچ کر مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کے مجسمے پر پھول چڑھاکر خراج عقیدت پیش کیا۔پٹنہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب بہار میں بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کی سالگرہ کے موقع پر آج بہت سے پروگراموں کا انعقاد کر کے انہیں یاد کیا گیا۔اہم تقریب کا انعقاد دارالحکومت پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے آدم قد مجسمے کے قریب کیا گیا۔ باپو کے مجسمے پر وزیر اعلی نتیش کمار، پنچایتی ریاست وزیر کپِل دیو کامت، درج فہرست ذات و قبائل کی فلاح کے وزیر سنتوش کمار نرالا، عوامی صحت اور انجینرئنگ کے وزیر کرشن نندن پرساد ورما، راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ رام ناتھ ٹھاکر، قانون ساز کونسلر نیرج کمار، اسمبلی کے سابق صدر اودے نارائن چودھری سمیت کئی لوگوں نے گل ہائے عقیدت پیش کیا۔