صدر روس ولادیمیر پوٹن کی چوٹی کانفرنس کیلئے ہندوستان آمد

وزیراعظم مودی کی جانب سے چوٹی کانفرنس سے پہلے خانگی ڈنر
نئی دہلی ۔ 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر روس ولادیمیر پوٹن آج وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ہند ۔ روس سالانہ چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے ہندوستان پہنچ گئے۔ ان کے دورہ کے موقع پر S-400 فضائی دفاعی نظام سودے اور متعدد دیگر معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں جو خلاء و برقی توانائی جیسے اہم شعبوں میں کئے جائیں گے۔ ولادیمیر پوٹن کا استقبال وزیرخارجہ سشماسوراج نے ان کی آمد پر کیا۔ وہ راست مودی کی سرکاری قیامگاہ جو لوک کلیان مارچ پر واقع ہے، پہنچے اور دونوں قائدین کی دوبدو ملاقات ہوئی۔ بعدازاں مودی نے ان کے اعزاز میں ایک خانگی عشائیہ ترتیب دیا۔ کل 19 ویں ہند۔ روس سالانہ چوٹی کانفرنس منعقد کی جائے گی اور دونوں قائدین روس اور ہندوستان کو درپیش مختلف باہمی دلچسپی کے مسائل علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول روس پر امریکہ کی تحدیدات اور انسداد دہشت گردی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ صدر روس کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا جس میں نائب وزیراعظم یوری بوریسوف، وزیرخارجہ سرجی لاؤروف، وزیرتجارت و صنعت ڈینس منٹوروف اور دیگر شامل ہوں گے۔ یہ صدر روس کا دو روزہ سرکاری دورہ ہے۔ کل کی ملاقات سے قبل مودی نے اپنے ٹوئیٹر پر صدر روس کا ہندوستان میں استقبال کیا اور کہا کہ وہ ان سے تبادلہ خیال کے منتظر ہیں اور امکان ہیکہ اس سے ہند۔ روس دوستی میں مزید استحکام آئے گا۔ مودی کا یہ استقبالیہ تبصرہ روسی زبان میں شائع کیا گیا۔ صدر روس نے نئی دہلی کی تعریف کی۔ روس کی خبر رساں ایجنسی تاس نے اس کی خبر شائع کی ہے۔