صدر حماس ھنیہ امریکی دہشت گردوں کی فہرست میں

واشنگٹن ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے آج صدر فلسطینی اسلامی تحریک حماس اسمعیل ھنیہ کو اپنی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے ان پر تحدیدات عائد کردیں۔ امکان ہیکہ اس اقدام سے اس علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگی۔ قبل ازیں یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے پر ہی امریکہ کے ساتھ فلسطینیوں کے تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ ھنیہ کے حماس کے دفاعی شعبہ اور شہریوں دونوں سے خوشگوار تعلقات ہیں۔ محکمہ خارجہ امریکہ کے ایک بیان کے بموجب وہ دہشت گرد حملوں میں ملوث ہیں جو اسرائیلی شہریوں پر کئے جاتے ہیں۔ دہشت گرد حملوں میں کم از کم 27امریکی ہلاک ہوچکے ہیں۔ ھنیہ کو امریکہ کی وزارت ٹریژری نے سیاہ فہرست میں شامل کرتے ہوئے ان کے خلاف تحدیدات عائد کردی ہیں جن سے کوئی شخص یا کمپنی تجارتی تعلقات قائم نہیں کرسکتیں۔ امریکہ کے خیال میں اسرائیلی شہریوں اور امریکی شہریوں کی ہلاکتوں کی حماس اور اس کے صدر اسمعیل ھنیہ ذمہ دار ہیں۔ اسرائیلی شہریوں اور امریکی سیاحوں پر سیاحت کے مرکز میں دہشت گرد حملے کئے گئے تھے۔