پورٹ موریشی ( پاپوانیوگنی) ۔ 28 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پیسیفک جزیری ممالک کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کی غرض سے صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی آج پاپوانیوگنی کے صدر مقام پہنچے ۔ یہ کسی بھی ہندوستانی سربراہ ملک کا 1975 کے بعد پاپوانیوگنی کیساتھ سفارتی تعلقات بحال ہونے کے بعد پہلا دورہ ہے ۔ پرنب مکرجی اپنے دو ملکی دورہ کے پہلے مرحلہ میں آج صبح یہاں پہنچے جہاں ان کا زبردست خیرمقدم کیا گیا اور پاپوانیوگنی کے نائب وزیر اعظم لیوڈایون نے ان کا استقبال کیا ۔ ان کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور بعد ازاں انہوں نے گارڈ آف آنر کا بھی مشاہدہ کیا ۔ یہ سمجھا جارہا ہیکہ پیسفیک جزیری ممالک میں چین کے بڑھتے ہوئے رسوخ کو ختم کرنے کیلئے صدر جمہوریہ دورہ کررہے ہیں ۔ ان کی ہندوستان سے روانگی کے وقت پریس سکریٹری وینوراجہ مونی نے کہا تھا کہ یہ دورہ ہندوستان کی ’ لک ایسٹ ‘ پالیسی کی جانب ایک فطری پیشرفت ہے ۔