صدر بنتے ہی بیرونی افراد کو ان کے ممالک کی تحویل میں دینے ڈونالڈ ٹرمپ کا عہد

واشنگٹن۔28اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ غیرقانونی تاریکین وطن کو صدر بنتے ہی ان کے متعلقہ ممالک کی تحویل میں دے دیں گے ۔ ڈونالڈ ٹرمپ اپنی پوری تقریر میں سیاہ فام افراد کو اپنی تائید کی ترغیب دینے کی کوشش کرتے رہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ باسکٹ بال کھلاڑی ڈان ریڈ کو ان کے کزن نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا لیکن افریقی نژاد امریکی شہری ان کی تائید کررہے ہیں اور مجھ پر تنقید کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صدر بنتے ہی پہلے ہی دن سے وہ غیرقانونی مجرمانہ سرگرمیوں میں مصروف تاریکین وطن کو امریکہ سے خارج کر کے اُن کے متعلقہ ممالک کی تحویل میں دے دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ میں لاکھوں غیر ملکی اور غیرقانونی تارکین وطن موجود ہیں ‘جنہیں اوباما ۔ کلنٹن انتظامیہ نے امریکی معاشرہ میں گھل مل جانے کا موقع فراہم کیا ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ وہ سرحد پر ایک دیوار تعمیر کروائیں گے اور ملک گیر سطح پر شہریت کی جانچ کی جائے گی ۔ غیرقانونی تارکین وطن کو فلاح و بہبود اور ترقیاتی فوائد سے محروم کردیا جائے گا ۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد امریکہ میں مقیم رہنے والوں کو ملک سے خارج کردیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی تائید میں ووٹ ملک کی قوانین کی تائید میں ووٹ ہوگا جب کہ ہلاری کلنٹن کی تائید میں ووٹ سے ملک کی سرحدیں کھل جائیں گی ۔