واشنگٹن ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما نے اپنے قومی سلامتی کے مشیروں کو لیبیا اور دوسرے ممالک میں داعش سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ”صدر نے قومی سلامتی کی ٹیم کو لیبیا اور دوسرے ممالک میں نظم ونسق اور انسداد دہشت گردی کے لیے جاری کوششوں کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی ہے”۔ قبل ازیں جمعرات کو امریکی وزیردفاع آشٹن کارٹر نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ داعش لیبیا میں بھی تربیتی کیمپ قائم کررہے ہیں اور غیرملکی جنگجوؤں کو بالکل اسی انداز میں خوش آمدید کہہ رہے ہیں جس طرح وہ ماضی میں عراق اور شام میں کہہ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم لیبیا میں عراق اور شام کی طرح کی صورت حال نہیں چاہتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ہم اس صورت حال کا قریبی سے مشاہدہ کررہے ہیں اور ہم مستقبل میں کیے جانے والے اقدامات سے متعلق مختلف متبادل پر غور کررہے ہیں۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کے پریس سیکریٹری پیٹر کْک نے چہارشنبہ کو نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ لیبیا میں داعش کی بڑھتی ہوئی موجودگی تشویش کا سبب ہے۔امریکہ اس گروپ کے عراق اور شام سے در آنے والے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کے لیے غور کررہا ہے۔