شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ

سڑکیں جھیل میں تبدیل ،ایمرجنسی اسٹاف چوکس، مزید دو دن بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) شہر میں آج دن بھر وقفہ وقفہ سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے موسم کافی سرد ہوگیا۔ کئی مقامات پر پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا اور بعض رہائشی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کی بھی شکایات ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی کی ہے اور مختلف علاقوں میں صورتحال کو دیکھتے ہوئے محکمہ بلدیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے۔ فیلڈ آفیسرس کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ موسمی ادارہ اسکائی میٹ کے بموجب خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کا اثر ساحلی آندھرا پردیش اور جنوبی اُڈیشہ میں دکھائی دے رہا ہے جس کی وجہ سے کیرلا اور رائلسیما اور جنوبی کرناٹک میں بھی بارش جاری ہے۔ ہوا کے دباؤ کا اثر تیزی سے بڑھ رہا ہے اور ریاست میں آئندہ دو تا تین دن بارش جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا۔ آج کئی رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا تھا اور کئی سڑکیں جھیل کا منظر پیش کررہی تھیں جس کے سبب موٹر سائیکل رانوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کئی مقامات پر تیز بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ حیدرآباد اور مضافات میں بھی شام یا دیر رات گئے بارش ہوسکتی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے جاری کردہ پریس نوٹ کے بموجب بلدی حدود کے بیشتر علاقوں مشیرآباد، رامچندرا پورم، مولاعلیؓ، ملکاجگری، عنبرپیٹ، مادھاپور، سنگارینی کالونی، بیگم پیٹ، میرعالم، قطب اللہ پور، آصف نگر، گولکنڈہ، جوبلی ہلز، ویسٹ ماریڈ پلی، بالا نگر میں تیز بارش ہوئی اور کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا تھا۔ دو مقامات پر درخت جڑ سے اکھڑ گئے ۔ پانی جمع ہوجانے کی 16 شکایات موصول ہوئیں۔ اسی طرح ڈرینج بھی اُبل جانے کی کئی شکایات ملی ہیں۔