شہر میں پلاسٹک کے استعمال پر مکمل پابندی کیلئے مہم

انسانی زندگیوں کیلئے خطرناک، شہریوں میں شعور بیداری ،جی ایچ ایم سی کمشنر کا بیان

حیدرآباد ۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) شہر میں پلاسٹک کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کیلئے بلدیہ نے سخت مہم کا آغاز کردیا ہے۔ غیرمعیاری اور انسانی زندگی کیلئے خطرناک پلاسٹک کے استعمال سے شہریوں کو دور رکھنے بلدیہ نے سخت اقدامات کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تاہم پہلے شہریوں میں شعور بیداری اور اس کے بعد پلاسٹک کے استعمال پر کارروائی کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ کمشنر بلدیہ مسٹر جناردھن ریڈی نے بتایا کہ پلاسٹک کے استعمال سے انسانی زندگی پر ہونے والے خطرناک اثرات اور ماحول کی تباہی کے متعلق شہریوں میں شعور بیدار کیا جائے گا اور دوکانداروں و کاروباری اداروں کو پلاسٹک کے اشیاء جس کو ممنوعہ قرار دیا جارہا ہے، اس کی خریدوفروخت کے خلاف سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے اس سلسلہ میں 8 ہزار عوامی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلدیہ اپنی اس مہم میں خانگی اسکول کے طلبہ۔ کالونی اسوسی ایشنوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہوٹلس، ریسٹورنٹس، فنکشن ہال کے ذمہ داروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے انہیں پلاسٹک کا استعمال نہ کرنے کیلئے پابند کیا گیا اور انہیں عہد بھی دلایا گیا۔ بتایا جاتا ہیکہ ایک بار استعمال ہونے والی پلاسٹک اشیاء بالخصوص پلاسٹک اور ٹیٹرا بوتل۔ ایک مرتبہ استعمال ہونے والے اسٹرا ۔ پلاسٹک مئے فومس۔ چائے کے کپ۔ کنڈینرس اور 50 مائیکراں سے کم پلاسٹک سے تیار کردہ اشیاء کے استعمال کے خلاف سختی سے عمل کیا جائے گا۔