کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع، درجہ حرارت میں گراوٹ
حیدرآباد۔28اپریل (سیاست نیوز) شہر میں شدید گرمی کے دوران ہوئی اچانک بارش نے شہریوں کو کچھ راحت پہنچائی ۔ ریاست بھر میں جاری شدید گرمی کے دوران آج شام ہوئی اچانک بارش کے باعث درجہ حرارت میں کچھ گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ دو پہر سے ہی شہر میں مطلع ابر آلود ہو رہا تھا اور شام کے وقت ہوائیں بھی چل رہی تھیں۔ محکمہ موسمیات نے کریم نگر ‘ ورنگل‘ کھمم کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر بارش کی پیش قیاسی کی تھی ۔ نصف گھنٹے کی بارش کے دوران شہر کے کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوگئی۔ شہر میں درجہ حرارت 42ڈگری سے تجاوز کرجانے کے سبب لو اور گرم ہوائیں چلنے لگی تھیں لیکن 27اپریل کی شب سے اچانک شہر میں ٹھنڈی ہواؤں کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا تھا لیکن دن میں دوبارہ گرمی کی شدت اور درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اوردوپہر تک درجہ حرارت 40سے تجاوز کرچکا تھا لیکن مغرب سے عین قبل شہر کے مختلف مقامات پر شروع ہونے والی بارش کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہر کے مضافاتی علاقوں سے بھی بارش اور ژالہ باری کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنو ںمیں گرمی کی شدت اور اور گرم ہواؤں میں اضافہ ریکارڈ کیا جائیگا اور درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید دھوپ کے اوقات میں باہر نہ نکلنے کی تاکید کی ہے اور کہا کہ شدید گرمی کے دوران چلنے والی گرم ہوائیں صحت انسانی کیلئے انتہائی نقصاندہ ہیں۔شہر کے مختلف علاقو ںمیں ہوئی بارش کے بعد ملی اطلاعات کے مطابق شہر کے بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی جبکہ عابڈز‘ سکندرآباد‘ نامپلی‘ لکڑی کا پل‘ سوماجی گوڑہ‘ امیر پیٹ ‘ بنجارہ ہلز کے علاقو ںمیں ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی جس کا سلسلہ زائد از نصف گھنٹہ جاری رہا۔