شہر میں صبح کے وقت موسلادھار بارش

کئی رہائشی مکانات میں بارش کا پانی داخل ، بلدیہ کی چوکسی کا ادعا کھوکھلا ثابت
حیدرآباد۔12ستمبر(سیا ست نیوز) شہر حیدرآباد میں صبح کی اولین ساعتوں میں ہوئی موسلادھار بارش کے سبب کئی نشیبی علاقوں کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا علاوہ ازیں اسکولی اوقات کے دوران ہوئی شدید بارش کے سبب پرانے شہر کے کئی اسکولوں کو تعطیل دیدی گئی اور جو اسکول کھلے رہے ان اسکولوںمیں طلبہ کی حاضری کافی کم تھی ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں صبح کی اولین ساعتوں کے دوران ہوئی موسلا دھار بارش کے سبب کسی نقصان کی اطلاع نہیں ہے تاہم شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کی شکایات موصول ہوئیں ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران شہر میں مجموعی اعتبار سے 93.8ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ 11ستمبر کی صبح 8بجے سے 12ستمبر کی صبح 8:30 کے دوران ہوئی بارش کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ سب سے زیادہ بارش آصف نگر اور مہدی پٹنم کے علاقہ میں ریکارڈ کی گئی جبکہ سردار محل ‘ چارمینار ‘ ملک پیٹ کے علاقوں میں بھی کافی شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں پرانے شہر کے کئی علاقوں میں نالے اور ڈرینیج ابل پڑے اور عوام نے شکایت کی کہ گئی گھروں میں پانی داخل ہونے کے سبب انہیں کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ چندو لعل بارہ دری ‘ فلک نما‘ بہادر پورہ کے علاقوں میں 73.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ مادھا پور‘ چندا نگر‘ کوکٹ پلی اور جوبلی ہلز کے علاقو ں میں بھی موسلادھار جبکہ کاروان‘ ٹپہ چبوترہ‘ گولکنڈہ کے علاقوں میں 72ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔گوشہ محل ‘ خیریت آباد‘ عنبر پیٹ‘ سرورنگر ‘ ملکا جگری‘ راجندر نگر‘ بیگم پیٹ اور شہر کے دیگر مقامات پر بھی شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے لیکن پرانے شہر کے علاقوںعیدی بازار‘ امان نگر‘ مولی کا چھلہ ‘ تالاب کٹہ ‘ کالاپتھر کے علاوہ دیگر مقامات پر پانی مکانات میں داخل ہونے کی شکایات موصول ہونے کے باوجود کئی گھنٹوں تک پانی کی نکاسی کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جبکہ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور کی جانب سے ڈیساسٹر ریسپانس فورس کی مستعدی کے دعوے کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ سڑکوں پر جمع پانی کی منٹوں میں نکاسی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ جن مکانات میں پانی داخل ہوا ان مکانات کے مکینوں کو اپنے طور پر پانی کی نکاسی کرتے دیکھا گیا بعض علاقوں میں تو پانی کی نکاسی کی بھی کوئی گنجائش نہیں تھی کیونکہ رہائشی مکانات کے سامنے سیلاب کی صورتحال دیکھی جا رہی تھی ۔شہر میں بارش کے دوران سڑکوں پر جمع پانی کے سبب راہگیروں کو بھی شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا اور ڈی آر ایف کی جانب سے راجندر نگر‘ مولی علی‘ عطاپور اور دیگر علاقوں میں جمع پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے گئے ۔

تلنگانہ میں اگلے 2 دنوں تک بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد12ستمبر(یواین آئی)محکمہ موسمیات نے تلنگانہ’ آندھرا پردیش اور رائل سیما میں آئندہ 2 دن کے دوران مختلف مقامات پر ہلکی تا اوسط بارش یا بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے ۔ آندھرا پردیش میں جنوب مغربی مانسون معمول کے مطابق جبکہ تلنگانہ اور رائل سیما میں کمزور رہا ہے ۔ اس دوران حیدرآباد میں آج صبح بھی کئی مقامات پربارش ہوئی کل بھی شہر حیدرآباد میں قریب دیڑھ تا 2 گھنٹوں تک طوفانی بارش ہوئی تھی۔