شہر میں اچانک موسلادھار بارش ، ٹریفک جام

کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ، مکانات میں بھی پانی داخل ، شہریوں کو مشکلات
حیدرآباد۔11ستمبر(سیاست نیوز) شہرمیں شام کے وقت اچانک موسلادھار بارش کے سبب سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں اور شہر کی کئی اہم سڑکوں پر گھنٹوں ٹریفک جام رہی اور جی ایچ ایم سی کے ایمرجنسی شعبہ کو سڑکوں سے پانی کی نکاسی کو ممکن بنانے کے اقدامات کرتے دیکھا گیا ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد پانی کی نکاسی کیلئے نالوں کی صفائی اور ڈرینیج نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات کی اطلاعات غیر درست ثابت ہونے لگی ہے اور شہر کے بیشتر مقامات پر برسات کا پانی جمع ہونے کی شکایات عام ہوچکی ہیں۔ دونوں شہروں میں ہوئی بارش کے دوران خیریت آباد‘ سوماجی گوڑہ‘ راج بھون روڈ‘ یاقوت پورہ‘تالاب کٹہ‘ نشیمن نگر ‘ کالاپتھر‘ تاڑبن کے علاوہ دیگر علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی اور نشیبی علاقوں میں پانی کے گھروں اور تجارتی مراکز میں داخل ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ شام کے وقت شروع ہوئی بارش کا سلسلہ 1گھنٹے سے زائد جاری رہا اور اس دوران مجموعی اعتبار سے 66.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ جی ایچ ایم سی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں ملک پیٹ‘ چارمینار کے علاقوں میں 66.8فیصد بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجہ میں حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ‘ چارمینار اور ملک پیٹ کے نشیبی علاقوں سے پانی جمع ہونے کے علاوہ مکانات میں پانی داخل ہونے کی شکایات موصول ہوئی۔آصف نگر اور مہدی پٹنم کے علاقہ میں 63.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ مادھاپور ‘ چندا نگر میں 57.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ امیر پیٹ ‘ خیریت آباد کے علاقوں میں 47.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور بندلہ گوڑہ و نامپلی کے علاقوں میں بھی 41ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ دونوں شہرو ں ہونے والی اس بارش کے دوران کئی اہم سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے کے سبب ٹریفک نظام درہم برہم رہا جبکہ دفتری اوقات ختم ہونے کے وقت بارش کے شروع ہونے سے شہریوں بالخصوص ملازمین کو کئی مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔عنبر پیٹ ‘ کاچی گوڑہ‘ اپل‘ بیگم پیٹ ‘ ملکا جگری ‘ ایل بی نگر اور راجندر نگر کے علاقو ںمیں بھی موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی اور بارش کے دوران برقی سربراہی منقطع رہی ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے اپنے ماتحتین کے علاوہ شہر حیدرآباد کے تمام زونل کمشنرس کو ہدایت دی کہ وہ پانی جمع ہونے کی شکایات کو حل کرنے کے لئے انفورسمنٹ ویجلنس کے علاوہ ڈی آر ایف کی ٹیموں سے تعاون حاصل کریں۔ شہر میں ہوئی بارش کے دوران کوئی ناگہانی واقعہ پیش نہیں آیا لیکن جگہ جگہ پانی جمع ہوجانے کے سبب سڑکوں کے تباہ ہوجانے کا خدشہ ظاہرکیا جا رہا ہے۔