ٹریفک درہم برہم ‘ ایمرجنسی ٹیمس رات بھر پانی کی نکاسی میں مصروف ‘ مزید بارش کی پیش قیاسی پر حکام چوکس
حیدرآباد۔/14ستمبر، ( سیاست نیوز)شہر میں آج اچانک تیز رفتار بارش کے سبب مختلف مقامات پر پانی جمع ہوگیا، سڑکیں جھیلوں میںتبدیل ہوگئیں۔ اندرون دو گھنٹے 70 ملی میٹر سے زائد بارش نے بلدی عہدیداروں کے علاوہ محکمہ مالیہ ، ضلع انتظامیہ اور پولیس کے ہوش اُڑادیئے۔ رات دیر گئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ایمرجنسی عملے کی جانب سے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل انجام دیا جاتا رہا۔ میئر جی ایچ ایم سی بی رام موہن اور ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین نے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے پانی کی نکاسی کے عمل کا جائزہ لیا۔ سب سے زیادہ بارش شہر کے نواحی علاقہ اوپل میں ریکارڈ کی گئی جہاں دو گھنٹے میں 83ملی میٹر بارش ہوئی۔ نارائن گوڑہ میں76.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور عنبر پیٹ میں65ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ چارمینار کے علاقہ میں 58.75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ملکاجگیری، میرعالم، ماریڈ پلی، چلکل گوڑہ اور دیگر علاقوں میں بھی50ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔میئر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن راؤ نے شہریوں سے اپیل کی کہ موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کے مدنظر گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔ پرانے شہر کے علاقوں تالاب کٹہ،کندیکل گیٹ، نشیمن نگر ، کالاپتھر، تاڑبن، بہادر پورہ، یاقوت پورہ، گنگانگر، مولا کا چھلہ اور دبیر پورہ کے بعض علاقوں میں گھرو ں میں پانی داخل ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔ 8بجے شب بارش کا سلسلہ تقریباً 9بجے کافی تیز ہوگیا۔ دو گھنٹے تک مسلسل گھن گرج کے ساتھ موسلا دھار بارش نے عام زندگی کو مفلوج کردیا۔ گزشتہ یوم تعطیل کے بعد آج لوگ گھروں سے زیادہ تر باہر تھے جس کے سبب زائد از دو گھنٹے کئی اہم سڑکوں پر ٹریفک جام رہی۔ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ آئندہ72گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش کی محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش قیاسی کی گئی ہے۔جس کے سبب بلدیہ کے ایمرجنسی عملے کو3 علحدہ علحدہ شفٹوں میں مسلسل خدمات جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ناچارم اور اوپل میں نالہ اُبل پڑنے کے سبب پانی سڑکوں پر آگیا جہاں میئر اور ڈپٹی میئر نے پہنچ کر نالے کی صفائی اور پانی کی نکاسی کے انتظامات کروائے۔15ستمبر کو شہر میں مرکزی گنیش وسرجن جلوس کے دوران امکانی بارش کو نظر میں رکھتے ہوئے مختلف مقامات پر ایمرجنسی عملے کی تعیناتی کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
اے پی میں مسلسل بارش
عام زندگی مفلوج
وجئے واڑہ۔/14ستمبر، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران وقفہ وقفہ سے موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں کئی اضلاع بالخصوص پرکاشم اور گنٹور میں عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے اور ٹرانسپورٹ خدمات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ گنٹور کے کارالا پاڈو گاؤں میں دیوار منہدم ہوجانے سے ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔ تاہم خشک سالی سے متاثرہ علاقہ رائلسیما کے عوام میں بارش نے خوشی کی لہر دوڑادی ہے۔ مقامی کسان بہتر فصل کی توقع کررہے ہیں۔ کرنول کے الہ گڈہ میں سب سے زیادہ 6سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دیگر مقامات پر ایک تا چار سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کو نشیبی علاقوں سے منتقلی کیلئے ہمہ وقت چوکس رہیں۔