25ہزار ملازمین پولیس تعینات، انتہائی حساس مقامات کی نشاندہی، خفیہ کیمرے نصب، مشتبہ عناصر پر پولیس کی کڑی نظر
حیدرآباد 14 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی گنیش نمرجن جلوس کو یقینی طور پر پرامن بنانے کے لئے حیدرآباد سٹی پولیس نے سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کرتے ہوئے دونوں شہروں میں 25 ہزار سے زائد پولیس فورس بشمول نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا ہے۔ پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر ایم مہندر ریڈی نے دفتر کمشنر پولیس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حسین ساگر جھیل میں بڑے پیمانے پر نمرجن کے پیش نظر دونوں شہروں میں 5 ایڈیشنل کمشنران، 2 جوائنٹ کمشنران، 9 ڈپٹی کمشنران، 13 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنران، 66 اسسٹنٹ کمشنران، 246 انسپکٹران، 743 سب انسپکٹران اور دیگر رتبے کے عہدیداروں کو متعین کیا ہے۔ اس مرتبہ گنیش نمرجن بندوبست کے لئے پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے علاوہ چھتیس گڑھ سے بھی پولیس فورس کو طلب کیا گیا ہے اور پرامن اختتام کے لئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مسٹر مہندر ریڈی نے بتایا کہ سال 2015 ء میں 10,980 گنیش مورتیوں کا نمرجن کیا گیا تھا اور جاریہ سال 11,094 کا نمرجن کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ اس موقع پر دونوں شہروں میں 310 انتہائی حساس، 605 حساس علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے مؤثر پولیس پکٹس متعین کئے گئے ہیں اور ہنگامی حالات سے بروقت نمٹنے کے لئے 410 موبائیل پارٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
12 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور حساس مقاماتپر سادہ لباس میں ملبوس پولیس تعینات کی گئی ہے جو مشتبہ افراد کی نقل و حرکت اور دیگر سرگرمیوں پر نظر رکھے گی ۔ کمشنر پولیس نے عوام سے پولیس کا تعاون کرتے ہوئے شہر میں فرقہ وارانہ امن و ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سٹی سکیورٹی ونگ کے 23 بم ڈسپوزل ٹیم، 2 آکسیس کنٹرول ٹیم، 23 انسداد سبوتاج ٹیموں جس میں اسنیفر ڈاگس بھی شامل ہیں کو متعین کیا گیا ہے۔ اہم عوامی مقامات پر تلاشی مہم جاری ہے۔ انھوں نے کہاکہ حسین ساگر جھیل کے علاوہ راجنا باؤلی، میر عالم ٹینک، ایرہ کنٹہ، شیخ پیٹ ٹینک، سرور نگر ٹینک، سفیل گوڑہ، ملکاجگیری ٹینک، حشمت پیٹ ٹینک میں گنیش مورتیوں کا نمرجن عمل میں آئے گا جس میں 10 تا 15 لاکھ افراد شامل ہوں گے۔ مرکزی گنیش جلوس کا آغاز کیشو گیری چندرائن گٹہ سے ہوگا جو علاقہ چندرائن گٹہ، چھتری ناکہ، لال دروازہ، شاہ علی بنڈہ، مغلپورہ، چارمینار، گلزار حوض، پتھرگٹی، افضل گنج، سدی عنبر بازار، ایم جے مارکٹ، عابڈس، بشیر باغ سے ہوتا ہوا حسین ساگر جھیل پہونچے گا۔ گنیش وسرجن کے موقع پر دونوں شہروں میں ٹریفک تحدیدات عائد کردی گئی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ 9 مقامات پر جوائنٹ کنٹرول رومس قائم کئے گئے ہیں۔ نمرجن سے متعلق بندوبست کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مسٹر انوراگ شرما نے پرانے شہر اور حسین ساگر جھیل کے قریب نصب کئے گئے کرینس کا معائنہ کیا۔
گنیش جلوس کے دوران افواہوں پر توجہ نہ دینے میئر کی اپیل
حیدرآباد ۔ 14ستمبر(سیاست نیوز) گنیش وسرجن جلوس کے دوران شہری افواہوں پر دھیان نہ دیں اورقبل از وقت جلوس کو مکمل کرنے میں ممکنہ تعاون کریں۔ مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن‘ کمشنر پولیس مسٹر ایم مہندر ریڈی‘ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کمشنر جی ایچ ایم سی نے آج جائزہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ میئر بی رام موہن نے تمام محکمۂ جات کے سربراہان کو بہتر تال میل کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایا ت پر فوری رد عمل ظاہر کریں اور عوام سے مئیر نے اپیل کی کہ وہ پر امن جلوس کے انعقاد کو یقینی بنانے میں تعاون کریں۔ مسٹر بی رام موہن نے بتایا کہ شہر میں 15ستمبر کو شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اسی لئے وقت پر جلوس کے اختتام کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے اسی لئے جلوسیوں اور آرگنائزرس کو تعاو ن کرنا چاہئے ۔ ایم مہندر ریڈی کمشنر پولیس حیدرآباد نے بتایا کہ محکمۂ پولیس کی جانب سے گنیش وسرجن جلوس کے پر امن انعقاد کیلئے 25ہزار پولیس اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ شہر میں گذشتہ 45دن سے بلدی عہدیدار گنیش تہوار کو بہتر اور پر امن بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال گذشتہ گنیش جلوس کے بعد 4.5میٹرک ٹن کچہرے کی نکاسی عمل میں لائی گئی تھی۔ اس مرتبہ بھی اتنی ہی مقدار میں صفائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ وسرجن کے علاوہ جلوس گذرنے کے راستوں پر بلدیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر کمشنر حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی مسٹر چرنجیولو بھی موجود تھے اور انہوں نے حسین ساگر کی فوری صفائی کے اقدامات کے متعلق واقف کروایا۔