شہر حیدرآباد کے عثمان ساگر اور حمایت ساگر کے اہم پرزوں کی صفائی

حیدرآباد۔ 5۔ جون (سیاست نیوز ) اب جب کہ مانسون کی آمد ہونے والی ہے ، حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ شہر حیدرآباد کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والے دو اہم ذخائر آب کے اہم پرزوں کی صفائی کی تیاری کررہا ہے ۔نظام حیدرآباد کے دور میں تعمیر کردہ ان دونوں اہم ذخائر کی گیٹس ہائیڈرولک ہیں ۔اس کے گیئر باکس ، سلائس گیٹس وغیرہ کی بہتر طور پر مرمت کی ضرورت ہے ۔پانی کی سپلائی کیلئے استعمال ہونے والے اس کے اہم پرزے ہنوز کام کررہے ہیں ۔ان ذخائر کی تعمیر کے 100سال کے باوجود ایک بھی پرزہ تبدیل نہیں کیا گیاہے ۔ عثمان ساگر کی تعمیر 1920اور حمایت ساگر کی 1928میں ہوئی ۔ان دونوں میں 40این جی بی پانی کی سپلائی کی گنجائش ہے ۔واٹر بورڈ کی جانب سے اگرچیکہ احتیاطی اقدام کے طور پر ان جڑواں ریزر وائرس سے پانی کی سپلائی نہیں کی جارہی ہے تاہم بورڈ سالانہ ان تاریخی ذخائر کے مختلف پرزوں کے کاموں کی صفائی کا کام کرتا ہے ۔واٹر بورڈ کی جانب سے کاموں کے آغاز کیلئے پرائیوٹ ایجنسیوں کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔چونکہ اس کام کیلئے ماہر افراد کی ضرورت ہوتی ہے اسی لئے کاموں کیلئے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں ۔تجربہ کار افراد بالخصوص کیرل میں اسی نوعیت کے کام انجام دینے والے افراد کو ان کاموں کیلئے عموماً شامل کیا جاتا ہے ۔3تا4لاکھ روپئے کے صرفہ سے یہ کام انجام دیئے جاتے ہیں ۔