شہباز شریف پاکستان کے آئندہ وزیراعظم مقرر

پارلیمنٹ کیلئے انتخاب تک شاہد عباسی عبوری وزیراعظم
اسلام آباد ۔ /29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بھائی شہباز شریف کے رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے تک پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اس ملک کے عبوری وزیراعظم کی حیثیت سے پی ایم ایل (ن) حکومت چلائیں گے ۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز 67 سالہ نواز شریف کو بددیانتی کے الزام ثابت ہونے پر جرم نااہل قرار دیا تھا اور ان کے علاوہ ان کے بچوں کے خلاف رشوت ستانی کے مقدمات درج کرنے کا حکم دیا تھا ۔ جس کے بعد ایک طویل عرصہ سے تنازعات میں گھرے وزیراعظم کو مجبوراً اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا ۔ جیو ٹی وی نے خبر دی ہے کہ پی ایم ایل (ن) نے آج یہاں تین گھنٹوں تک منعقدہ اپنے غیر رسمی اجلاس میں شہباز شریف کو وزیراعظم مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ۔ تاہم شہباز کے بحیثیت رکن پارلیمنٹ انتخاب تک سابق وزیر پٹرولیم شاہد عباسی کو عبوری وزیراعظم مقرر کیا جائے گا ۔ پی ایم ایل (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے رسمی اجلاس میں نواز شریف نے اس فیصلہ کا قطعی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ متفقہ طور پر وزارت عظمی عہدے کے لیے شہباز شریف کے نام کی منظوری دی گئی ہے۔ چوں کہ وہ پارلیمنٹ رکن نہیں ہیں لہٰذا شاہد خاقان عباسی عبوری وزیراعظم ہوں گے۔ اس پارٹی کے ذرائع نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے چھوٹے بھائی شہبازکا نام کل منعقدہ اجلاس میں تجویز کیا تھا اور اجلاس کے شرکاء میں کسی نے بھی اس پر اعتراض نہیں کیا تھا لیکن 65 سالہ شہباز فوری طور پر اپنے بڑے بھائی کی جگہ نہیں لے سکتے کیونکہ وہ پارلیمنٹ کے رکن نہیں ہیں ۔ وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہونے کے لئے انہیں سب سے پہلے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہونا ہوگا ۔ چنانچہ شاہد عباسی کو عبوری وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے جو شہباز کے رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد سبکدوش ہوجائیں گے ۔