شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر نامزد

لاہور ۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب کے وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف کو آج پارٹی کا قائم مقام صدر اور ان کے بڑے بھائی و سابق وزیراعظم نواز شریف کو تاحیات پارٹی کا قائد منتخب کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے اپنے رہنما کا انتخاب سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد کیا ہے جس میں 68 سالہ موجودہ پارٹی صدر نواز شریف کو عدالت عالیہ نے پارٹی سربراہ سے نااہل قرار دے دیا تھا۔ مسلم لیگ ن کی مجلس عاملہ کے لاہور میں منعقدہ میٹنگ میں 66 سالہ شہباز شریف کو 45 دنوں کے لئے پارٹی صدر نامزد کیا گیا ہے۔ میٹنگ میں نواز شریف نے پارٹی سربراہ کے طور پر شہباز شریف کا نام پیش کیا جسے مجلس عاملہ کے اراکین نے بلامخالفت قبول کرلیا۔ نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا کہ مسلم لیگ ن کی مجلس عاملہ نے شہباز شریف کو پارٹی کا قائم مقام صدر اور نواز شریف کو تاحیات قائد منتخب کیا ہے۔ میٹنگ میں راجا ذوالفقارالحق، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وغیرہ موجود تھے۔