شکاگو ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی شکاگو کے مختلف مقامات پر پیش آئے فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں بشمول حاملہ خاتون پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ شکاگو پولیس نے کہا کہ شہر کے ساؤتھ شور علاقہ میں ایک رستوراں کے قریب چار افراد گولی لگنے سے مردہ پائے گئے۔ حکام نے کہا کہ ایک شخص ریستوراں پہنچا تھا اس نے اندھادھند فائرنگ شروع کردی۔ گولی لگنے سے ہوٹل میں دو افرادمردہ پائے گئے۔ تیسرا شخص ہوٹل کے باہر دستیاب ہوا۔ چوتھا شخص کچھ فاصلہ کے پاس مردہ پایا گیا۔ کک کاؤنٹی کے میڈیکل افسر نے کہاکہ تین مہلوکین کی دو بھائیوں 19 سالہ رحیم اور 20 سالہ ڈیلن جیکسن کے علاوہ 28 سالہ ایمانیول اسٹوکس کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ چوتھے مہلوک کی شناخت اس کے خاندان کی طرف سے توثیق نہ ہونے کے سبب روک دی گئی ہے۔ اس سے کچھ دیر قبل اس ریستوراں سے ایک میل دور 26 سالہ خاتون پیٹرائس ایل کالوین کی نعش اس کے گھر میں دستیاب ہوئی۔ طبی جانچ کرنے والوں نے کہا کہ خاتون جو چار ماہ کی حاملہ تھی، اس کے سر پر گولی لگنے کا ایک زخم پایا گیا۔ ان ہلاکتوں کے ضمن میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔