شنگھائی تعاون تنظیم میں ہندوستانی رکنیت معاشی ترقی کی معاون

توانائی اور قدرتی وسائل کو مضبوط کرنے کیلئے گروپ طاقتور ہونا ضروری، ایس سی او چوٹی کانفرنس سے وزیراعظم مودی کا خطاب

تاشقند ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت حاصل کرنے ہندوستان کی مساعی میں قطعی پیشرفت کے ساتھ ہی وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اس طرح کی شراکت داری سے خطہ کے اندر دہشت گردی، تشدد اور تخریبی سرگرمیوں کے خطرات سے بچنے میں مدد ملے گی اور اپنی معیشت کو فروغ دینے میں بھی تعاون حاصل ہوگا۔ شنگھائی تعاون تنظیم چوٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان کو اس گروپ میں شامل ہونے کے بعد توانائی و قدرت کے وسائل سے غیرمعمولی فوائد حاصل ہوں گے۔ اس کے جواب میں ہندوستان کی معاشی طاقت مزید مضبوط ہوگی اور اس کے لئے ایک بڑی مارکٹ وجود میں آئے گی جہاں پر ایس سی او خطہ میں معاشی پیداوار کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔ ایس سی او میں ہندوستان کی رکنیت سے جو تعاون حاصل ہوگا اس کے ذریعہ سارا خطہ خوشحالی کی جانب پیشرفت کرے گا۔ اس سے ہماری سلامتی میں بھی مضبوطی آئے گی۔ ہماری شراکت داری، ہمارے معاشروں کو تحفظ فراہم کرے گی۔ نفرت، تشدد اور دہشت گردی جیسے تخریبی نظریات کے خطرات سے ہمارے معاشروں کو بچایا جاسکتا ہے۔

ہندوستان شنگھائی تعاون تنظیم ممالک کے ساتھ متحد رہے گا تاکہ اس مقصد کی جانب کام کرسکے اور ہم کو اس کیلئے صفر رواداری اختیار کرنا ہوگا۔ تمام سطحوں پر دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے جامع کارروائی کی ضرورت ہے۔ نریندر مودی نے چوٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او میں ہندوستان کی رکنیت سے بہت سارے فوائد حاصل ہوں گے۔ چوٹی کانفرنس میں ہندوستان نے ایس سی او کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں اور یہ دستخط اس گروپ میں ہندوستان کو مکمل رکن کی حیثیت دینے کیلئے اہمیت رکھتی ہے۔ ہندوستان تقریباً 30 دیگر دستاویزات پر بھی دستخط کرے گا اور آنے والے سالوں میں رکنیت کا عمل پورا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایس سی او رکن ممالک اور ان کے لیڈروں کے ممنون و مشکور ہیکہ انہوں نے ایس سی او کی ہندوستانی رکنیت کیلئے پرزور حمایت کی ہے۔ میں پاکستان کا بھی خیرمقدم کرتا ہوں جو ایس سی او کا نیا رکن ہے۔ انہوں نے اس گروپ کے اندر مضبوط معاشی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے اندر کئی صلاحیتیں ہیں۔ صنعت، سرمایہ کاری، اطلاعات و مواصلات ٹیکنالوجی، خلائی شعبہ، زراعت، ہیلتھ کیر، اسمال اینڈ میڈیم اسکل انڈسٹری میں ہندوستان کی صلاحیتوں کو ہر کوئی تسلیم کرتا ہے۔ لہٰذا ہندوستان کو ایس سی او کا رکن بنانے کے بعد اس گروپ کے ممالک روس ، چین، کرغستان، قازقستان، تاجکستان اور ازبکستان میں معاشی فوائد فروغ پائیں گے۔