شمالی ہند میں گرج ، چمک، بارش اور طوفان کا قہر

جموں و کشمیر میں ژالہ باری سے 100 مویشی ہلاک ،کل بھی طوفان کی پیش قیاسی
نئی دہلی ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) گرد کے طوفان، بارش اور گرج چمک سے شمالی ہند دہل کر رہ گیا۔ درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور جموں وکشمیر میں ژالہ باری سے کم از کم 100 مویشی ہلاک ہوگئے اور پنجاب، ہریانہ اور دہلی کے کئی علاقوں میں معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہیکہ کل ناخوشگوار موسم جاری رہے گا۔ ایک شدید طوفان، ژالہ باری اور بارش شملہ اور ہماچل پردیش کے دیگر علاقوں میں ہوئی۔ ریاست کے اونچے پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ ژالہ باری سے ٹریفک جام دیکھا گیا۔ برقی سربراہی منقطع ہوگئی۔ درخت جڑوں سے اکھڑ کر گر پڑے۔ گھروں کی چھتیں شملہ کے کئی علاقوں میں اڑ گئیں۔ بارش کے پانی سے سڑکوں پر سیلاب کا منظر پیدا ہوگیا اور ریاستی دارالحکومت کی عمارتوں میں پانی داخل ہوگیا۔ راجستھان میں گرد کا طوفان کئی مقامات جودھپور اور بکانیر ڈیویژنس اور اجمیر، جئے پور اور کوٹہ کے چند علاقوں میں بارش ہوئی۔ سرکاری عہدیداروں کے بموجب کسی جانی نقصان یا بڑے پیمانے پر جائیداد کو نقصان کی آج شام دیر گئے تک کوئی اطلاع نہیں ملی۔

محکمہ موسمیات کے بموجب ریاست کے کئی علاقوں میں گرد کا طوفان اور گرج چمک کے ساتھ طوفان آئندہ 24 گھنٹوں میں متوقع ہے۔ اجمیر، جئے پور، سیکر اور دیگر علاقوں میں صبح کے وقت طوفانی ہوائیں چل سکتی ہیں جن سے درخت جڑ سے اکھڑ جائیں گے اور سائن بورڈس کو نقصان پہنچے گا۔ جودھپور، بکانیر، جئے پور اور اجمیر میں اوسط سے ہلکی بارش ہوئی۔ دیگر ڈیویژن میں موسم خشک رہا۔ دہلی میں گرد کے طوفان کے ساتھ شام کے وقت گرج، چمک دیکھی گئی۔ ہلکی سے اوسط درجہ کی بارش پنجاب اور ہریانہ بشمول چندی گڑھ ہوئی جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی آئی۔ امبالا، پنچکولہ، موہالی اور پٹیالہ میں بارش دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہیکہ گرج چمک کے ساتھ طوفان اور آندھی جس کی رفتار 70 کیلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔ اتراکھنڈ اور مشرقی ہند کی ریاستوں میں کل دیکھا جائے گا۔ مشورہ دیا گیا ہیکہ ہماچل پردیش، راجستھان، یوپی اور جھارکھنڈ کے افراد غیرضروری طور پر باہر نہ جائیں۔ اسی طرح کا موسم امکان ہیکہ مغربی بنگال اور شمال مشرقی ہند کی 7 ریاستوں سوائے میزورم کے دیکھا جائے گا۔