شمالی ہند میں سردی کی لہر برقرار

نئی دہلی۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی ہند میں سردی کی لہر برقرار ہے، حالانکہ قومی دارالحکومت نئی دہلی اور وادیٔ کشمیر کے عوام کو کچھ راحت حاصل ہوئی جبکہ درجہ حرارت میں معمولی سا اضافہ ہوا ہے۔ خوشگوار موسمی حالات، صاف آسمان ، نئی دہلی میں نظر آیا جبکہ کہر کے حالات اعتدال پر تھے۔ اعظم ترین درجہ حرارت 25.4 درجہ سیلسیس تھا جو معمول سے 5 مقامات کم ہے۔ اقل ترین درجہ حرارت 7.6 درجہ سیلسیس درج کیا گیا۔ رات کا درجہ حرارت وادیٔ کشمیر میں کئی درجہ بڑھ گیا جس کی وجہ سے شدید سردی کے حالات سے وادی کشمیر اور لداخ کے عوام کو راحت حاصل ہوئی۔ منفی 15.4 درجہ سیلسیس سے درجہ حرارت گزشتہ رات منفی 3.7 درجہ پر پہنچ گیا۔ لیہہ میں منفی 6.2 درجہ سیلسیس اقل ترین درجہ حرارت تھا۔ یہ ملک کا سرد ترین مقام رہا۔