نئی دہلی ۔5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی ہند کی ریاستوں میں آج دوبارہ جھلسادینے والی گرمی کا آغاز ہوگیا۔ ایک دن قبل پورے علاقہ میں موسلادھار بارش ہورہی تھی۔ آسام میں سیلاب کی صورتحال سنگین ہے جہاں 4 لاکھ سے زائد افراد سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہوچکے ہیں۔ شمال مشرقی ریاستوں میں کل دوبارہ زبردست بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے جس کی وجہ سے آسام میں سیلاب کی صورتحال مزید ابتر ہوجانے کا اندیشہ ہے۔ ریاستی آفات سماوی انتظامیہ اتھاریٹی کے بموجب ضلع گولاگھاٹ میں سیلابی پانی میں 22 سالہ سورج چھیتری غرق ہوگیا۔ اس طرح جملہ ہلاکتوں کی تعداد 18 ہوگئی جن میں سے 7 سیلاب سے متعلق حادثات میں صرف گوہاٹی میں ہلاک ہوئے۔ کریم گنج میں سیلاب سے دو لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ بہار، پٹنہ اور پورنیا میں تیز رفتار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جئے پور اور اودے پور میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی بوچھاریں پڑیں۔ بحیثیت مجموعی موسم گرم اور خشک رہا۔ نئی دہلی میں موسم گرم اور مرطوب تھا۔ درجہ حرارت 35 اور 29 درجہ سلسیس کے درمیان رہا۔ فضاء میں رطوبت کا فیصد 57 تھا۔ ہریانہ اور پنجاب میں مقامی افراد کو گرم اور مرطوب موسم کا سامنا ہوا۔ یوپی، میگھالیہ اور بہار میں کل زبردست بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے جبکہ ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ اور مغربی بنگال میں سلسلہ کوہ ہمالیہ کے دامن کے علاقوں، سکم، اتراکھنڈ اور شمال مشرقی مدھیہ پردیش میں کل بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔