شمالی اور جنوبی کوریا کی بات چیت اُمید افزاء : ٹرمپ

واشنگٹن۔ 3 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان ہونے والی بات چیت سے ملے جلے امکان پیدا ہوسکتے ہیں۔غور طلب ہے کہ شمالی کوریا کے نیوکلیئر پروگرام اور میزائل تجربوں کے بعد اس پر پابندی لگائی گئی ہے جس کے بعد سے عالمی سطح پر کشیدگی بڑھ گئی ہے ۔ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ راکٹ مین نے پہلی بار جنوبی کوریا کے ساتھ بات چیت کی خواہش ظاہر کی ہے ۔ شاید یہ اچھی خبر ہے ، شاید نہیں بھی۔ہم دیکھیں گے !۔ غور طلب ہے کہ جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کو 9 جنوری کو اعلی سطحی مذاکرات کی پیشکش کی ہے ۔ اس میں 2018 ء کے سرمائی اولمپکس میں شمالی کوریا کے شامل ہونے کے امکانات پر بحث ہوگی ۔یہ پیشکش شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے اس بیان کے بعد آئی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ فروری میں جنوبی کوریا میں ہونے والی گیمز میں حصہ لینے کیلئے اپنی ٹیم کو سیول بھیجنے پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ دونوں فریقوں کو فوری طور پر بیٹھ کر امکانات پر بحث کرنی چاہئے ۔جزیرہ نما کوریا میں تیزی سے تبدیل ہورہے منظر نامہ کے درمیان جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے سامنے اگلے ہفتے سرحدی گاؤں ’پنمن جوم ‘ میں اعلی سطحی مذاکرات کی تجویزکی پیشکش کی ہے ۔
ہیلی کا شمالی کوریا کو نئے میزائیل ٹسٹ پر انتباہ
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے ایک اور میزائل کا تجربہ کرنے پر شمالی کوریا کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا امریکہ پیانگ یانگ کے خلاف اور سخت قدم کو یقینی بنائے گا۔ہیلی نے اقوام متحدہ میں صحافیوں کو بتایا کہ ہمیں رپورٹ ملی ہے کہ شمالی کوریا ایک اور میزائل ٹسٹ کی تیاری کر رہا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ایسا نہیں ہوگا۔ لیکن اگر ایسا ہوتا ہے تو ہمیں شمالی کوریا کی حکومت کے خلاف مزیدسخت قدم اٹھانے ہوں گے۔
کم جونگ ان کا بات چیت کیلئے سرحد کھولنے کا حکم
سورج۔ 3 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے بات چیت کیلئے آج صبح 6:30 بجے جنوبی کوریا سے متصلہ سرحد کو کھولنے کا حکم دیا ہے ۔ایک نامعلوم شمالی کوریا ئی افسر کو ایک ٹیلی ویژن نے نشر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگلے ماہ جنوبی کوریا کے پیونگ چانگ میں ہونے والے سرمائی اولمپک کھیلوں میں شمالی کوریاکے وفد کو بھیجنے کے پیش نظر رسمی بات چیت کی جائیگی۔جنوبی کوریا کی طرف سے شمالی کوریا کے ساتھ اعلی سطحی مذاکرات کی پیشکش کے اگلے دن شمالی کوریا کی جانب سے یہ بیان آیا ہے ۔اس سے پہلے شمالی کوریا کے ڈکٹیٹر کم جونگ اُن نے نئے سال کی تقریر میں کہا تھا کہ وہ جنوبی کوریا کے ساتھ بات چیت کرنے کو تیار ہیں۔

ٹرمپ ،سب سے زیادہ بے ایمان اور بدعنوان
میڈیا ایوارڈ کا اعلان کریں گے
واشنگٹن ۔ 3 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ جن کے میڈیا سے ناخوشگوار تعلقات ہیں اور شاید اسی لئے انھوں نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتہ وہ ’’سب سے زیادہ بے ایمان اور بدعنوان ‘‘میڈیا ایوارڈس کا اعلان کریں گے ۔ یاد رہے کہ صدارتی انتخابات کے دوران جس وقت ٹرمپ اپنی مہم چلایا کرتے تھے اُس وقت سے اُن کے متعدد میڈیا آؤٹ لیٹس جیسے سی این این اور اے بی نیوز کے ساتھ ناخوشگوار تعلقات تھے ۔ ان میں دی نیویارک ٹائمز اور دی واشنگٹن پوسٹ بھی شامل ہیں۔ ٹرمپ نے اُن پر الزام عائد کیا تھا کہ انھیں قصداً نظرانداز کیا جارہا ہے اور اُن کی صدارتی مہمات کو مناسب کوریج نہیں مل رہا ۔ کئی بار تو انھوں نے ان میڈیا ہاؤسس کو ’’فیک میڈیا‘‘ (جھوٹا) بھی قرار دیا ۔ دیر رات گئے اپنے ایک ٹوئیٹ میں انھوں نے کہاکہ پیر کے روز شام 5 بجے وہ ’’سب سے زیادہ بے ایمان اور بدعنوان میڈیا ایوارڈ‘‘ کا اعلان کریں گے ۔