شمالی آسٹریلیا میں ہولناک طوفان، کئی ٹاؤنس میں تاریکی، سڑکیں ناکارہ

متاثرہ عوام کا انخلاء، کوئنسلینڈ کی وزیراعظم کا دورہ، امدادی انتظامات کاجائزہ

آئیر۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شمالی آسٹریلیا میں طاقتور طوفان کے دوران ساحل پر لنگرانداز کئی کشتیاں بہہ گئیں اور متعدد گھروں کے چھت اڑ گئے جس کے سبب سارا علاقہ جنگی منقطہ کا منظر پیش کررہا ہے۔ کئی ٹاؤنس کا ملک کے ماباقی حصوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ کوئنسلینڈ کے ساحل بوہن اور ایرلائی بیچ کے درمیان چوتھے زمرہ کا طوفان ٹکرایا تھا۔ تباہ کن ہواؤں اور آندھی نے اس علاقہ کے کئی تفریحی مقامات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ اس طوفان سے لاحق خطرہ کی سطح میں کمی کی گئی تھی لیکن محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ طوفانی ہواؤں اور بارش سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیل سکتی ہے اور دریاؤں کی سطح آب میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ صرف 48 گھنٹوں کے دوران 1000 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو بالعموم چھ ماہ میں ہوا کرتی ہے۔ بوئین، ایرلائی بیچ اور پراسپرپائن ٹاؤنس کا رابطہ ماباقی علاقوں سے عملاً منقطع ہوگیا ہے۔ سڑکیں ناکارہ ہوگئی ہیں۔ 60,000 گھر برقی اور مواصلاتی رابطوں سے محروم ہوگئے ہیں۔ دیوار منہدم ہونے کے سبب ایک شخص زخمی ہوا لیکن ان تباہ کاریوں کے باوجود کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کوئنسلینڈ کی وزیراعظم اناسیتسیا پلازجزک نے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بوئن کا فضائی معائنہ کیا۔ یہ ٹاؤن بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں سے متاثرین کا انخلاء عمل میں لایا جارہا ہے۔