شاہ فیصل، شہلارشید اور ظفر میر کی سیاست میں شمولیت متوقع

سرینگر ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر کے تین جواں سال شعلہ بیان اور سرگرم جہدکار شاہ فیصل (آئی اے ایس)، شہلا رشید (جے این یو اسٹوڈنٹ لیڈر) اور ظفر میر لاسبحان (سابق کانگریس لیڈر کے نبیرہ) توقع ہیکہ بہت جلد جموں و کشمیر میں اصل دھارے کی سیاست میں شامل ہوجائیں گے۔ ذرائع نے کہا ہیکہ شہلا رشید اور سابق وزیر غلام محمد لاسبحان کے پوتے ظفرمیر سرگرم سیاست میں شمولیت سے دلچسپی رکھتے ہیں اور نیشنل کانفرنس کی قیادت سے رابطہ میں ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ شہلا رشید نیشنل کانفرنس کے وفاداروں کے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کررہی ہیں۔ ظفر میر لاسبحان ایک بزنس مین ہیں۔ یہ دونوں ہی نیشنل کانفرنس کی قیادت میں سلسلہ وار مذاکرات میں مصروف ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے ذرائع نے کہا کہ یہ دونوں ہی عمر عبداللہ کی قیادت سے کافی مطمئن و متاثر ہیں اور اپنے اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہلا اور ظفر نے ان کی پارٹی میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس دوران باوثوق ذرائع نے کہاکہ 2011ء بیاچ کے ٹاپر افسر شاہ فیصل (آئی اے ایس افسر) بھی سیاسی میدان میں چھلانگ لگا سکتے ہیں۔ وہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس قائدین سے رابطہ میں ہیں۔ دونوں ہی جماعتیں انہیں اپنی طرف راغب کرنے کی کوششوں میں ہیں۔ فیصل اس ریاست کے پہلے اور واحد آئی اے ایس ٹاپر ہیں اور امریکہ میں حصول تعلیم کیلئے فی الحال رخصت پر ہیں۔ بہت ممکن ہیکہ واپسی کے بعد وہ سیاست میں سرگرم ہوجائیں گے۔

آئی اے ایس افسر نے حال ہی
میں تنازعہ پیدا کیا تھا
35 سالہ شاہ فیصل کو حکومت نے حال ہی میں وجہ نمائی نوٹس جاری کی تھی جب انہوں نے حکومت کی پالیسیوں کی سوشیل میڈیا پر مذمت کی تھی جس کے بعد فیصل نے ٹوئیٹر پر جواب دیا تھا کہ ’’روزگار سے محرومی اس بحث کے ضمن میں معمولی جوکھم ہے جس (بحث) کی کوشش میں کررہا ہوں‘‘۔