قومی اسمبلی میں رائے دہی اور نتائج کا اعلان، حلیف جماعتوں کی تائید
اسلام آباد ۔ یکم اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پناما پیپرس اسکینڈل میں سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد پاکستان کی قومی اسمبلی نے شاہد خاقان عباسی کو آج اس ملک کا عبوری وزیراعظم منتخب کرلیا۔ 342 رکنی ایوان میں عباسی 221 ووٹ حاصل کرتے ہوئے منتخب کئے گئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے نوید قمر کو 47 ووٹ حاصل ہوئے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے شیخ رشید کو 33 ووٹ حاصل ہوئے۔ جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ کے بمشکل 4 ووٹ لے سکے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے ارکان کے شوروغل اور نعرہ بازی کے درمیان نتائج کا اعلان کرتے ہوئے شاہد عباسی کو وزیراعظم کی نشست سنبھالنے اور ایوان سے خطاب کے لئے مدعو کیا۔ چار امیدوار نامزد کئے جانے کے سبب چار گوشوں میں رائے دہی ہوئی جہاں متعلقہ امیدواروں کے حامیوں نے اپنے ووٹ دیا۔ رائے دہی اور ووٹوں کی گنتی کے بعد پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے کئی ارکان قومی اسمبلی نواز شریف کے پوسٹرس کے ساتھ ایوان میں داخل ہوئے جس پر اسپیکر نے اعتراض کرتے ہوئے پوسٹرس اور پلے کارڈس کو ایوان کے باہر رکھنے کی ہدایت دی۔ صدر ممنون حسین ایوان صدر میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں عباسی کو حلف دلائیں گے۔ سپریم کورٹ نے جمعہ کو معلنہ اپنے فیصلے میں 67 سالہ نواز شریف کو عوامی عہدہ کے لئے نااہل قرار دیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف رشوت ستانی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔ صدر ممنون حسین نے عبوری وزیراعظم کے انتخاب کے لئے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کا اجلاس طلب کیا تھا۔ عدالتی فیصلے کی بنیاد پر نواز شریف کے استعفیٰ کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ان کے بھائی شہباز شریف کے ایوان کے رکن منتخب ہونے تک شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم کی حیثیت سے منتخب کیا تھا۔ قومی اجلاس میں پی ایم ایل (ن) کے 188 ارکان ہیں۔ رائے دہی کے آغاز سے چند گھنٹوں قبل متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) نے اپنی امیدوار کشور زہرہ کو مقابلے سے دستبردار کرلیا تھا۔ ایوان میں اس جماعت کے 24 ارکان ہیں۔