شاہجہاں پور 26 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے ضلع شاہجہاں پور میں دو فرقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے مابین جھڑپوں کے بعد کشیدگی پیدا ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جھڑپ میں درجنوںافراد زخمی ہوئے ہیں جن میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ یہاں پولیس نے جھڑپوں کے بعد سینکڑوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور 80 افراد کی شناخت بھی کرلی گئی ہے ۔ پولیس کے بموجب یہاں ایک گردوارہ کے باہر راکھی کی بنڈی لگانے کے موقع پر پیش آئے معمولی واقعہ کے بعد جھڑپ ہوگئی تھی ۔ دونوں فرقوں کے لوگ یہاں جمع ہوگئے تھے اور ایک دوسرے پر سنگباری بھی کی ۔ ہوا میں فائرنگ کی بھی اطلاعات ہیں۔ پولیس نے دونوں فرقوں کا ایک اجلاس بھی منعقد کیا تاکہ امن بحال کیا جاسکے ۔ مقامی افراد کو افواہیں پھیلانے کے خلاف خبردار بھی کیا گیا ہے ۔ سنگباری میں کچھ گاڑیوں کو نقصان پہونچا ۔