السویداء ۔25 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کے مطابق داعش تنظیم کی جانب سے شام کے جنوب میں السویداء شہر اور اس کے نواحی علاقے کو سلسلہ وار خود کش دھماکوں کا نشانہ بنایا گیا۔ ان دہشت گرد حملوں میں عام شہریوں سمیت 40 افراد جاں بحق ہوگئے۔المرصد کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن کے مطابق مارے جانے والوں میں شامی حکومت کی فورسز کے کم از کم 26 ہمنوا مارے گئے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد 30 سے زیادہ ہے۔ رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ صرف السویداء شہر میں ہی بارودی بیلٹوں کے ذریعے تین دھماکے کیے گئے۔ اس کے علاوہ شہر کے مشرقی اور شمال مشرقی نواحی دیہات میں بھی دیگر دھماکے ہوئے ہیں۔بشار حکومت کی فوج کو جنوبی شام کے صوبے السویداء پر مکمل کنٹرول حاصل ہے ۔