نئی دہلی ، 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی خطہ میں جماعت دہم ، سی بی ایس ای امتحان میں کامیابی کا تناسب گھٹ کر 78.09 فیصد ہوا ہے، جو گزشتہ سال کے 91.06 فیصد کے مقابل زائد از 13 فیصد کی گراوٹ ہے، عہدیداروں نے آج یہ بات کہی۔ سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن نے آج دسویں جماعت کے نتائج برائے پانچ خطہ جات دہلی، چینائی، الہ آباد، دہرہ دون اور ٹریوینڈرم کا پہلے اعلان کیا۔ بقیہ علاقوں کے نتائج بھی جاری کئے جارہے ہیں۔ قومی سطح پر بھی امتحاناتِ دسویں جماعت کیلئے کامیابی کا تناسب 2014ء سے گھٹ رہا ہے۔ اِس سال مجموعی طور پر 90.95 فیصد اسٹوڈنٹس کامیاب ہوئے۔ 2014ء میں 98.87% اور گزشتہ سال 96.21% طلبہ کامیاب ہوئے تھے۔