کل اندرا پارک پر 36 گھنٹوں کی بھوک ہڑتال و دھرنا ۔ اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 6 جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے ٹی آر ایس میں غیرقانونی انضمام کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع ہونے کا اعلان کیا۔ کے سی آر حکومت کی بے قاعدگیوں کے خلاف لوک پال سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے رہائی کے بعد بٹی وکرا مارکا، محمد علی شبیر اور وی ہنمنت راؤ کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سی ایل پی کے انضمام کے خلاف 8 جون کو اندرا پارک دھرنا چوک پر 36 گھنٹوں کی بھوک ہڑتال اور دھرنا منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اپنے خاندان کو بچانے کیلئے انحراف کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ انہیں اندیشہ ہے کہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ میں اختلافات کی صورت میں ارکان اسمبلی ہریش راؤ کی طرف جاسکتے ہیں لہذا دیگر پارٹیوں کے ارکان کے ذریعہ کے ٹی آر کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اسپیکر کا فیصلہ کانگریس کیلئے بلکہ ریاست کے عوام کیلئے نقصان دیا ہے۔ 2014ء میں برسراقتدار آنے کے بعد تلگو دیشم ارکان کو دھمکاکر ٹی آر ایس میں شامل کرلیا گیا۔ وائی ایس آر کانگریس اور کمیونسٹ ارکان کو خریدا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے اسپیکر کے رویہ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 10 مرتبہ فون کیا لیکن اسپیکر دستیاب نہیں رہے جبکہ منحرف ارکان سے خفیہ مقام پر ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت بچاؤ جدوجہد جاری رہے گی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ آج تلنگانہ کا یوم سیاہ ہے، کے سی آر نے دن دھاڑے جمہوریت کا قتل کردیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ تلنگانہ دینے والی کانگریس پارٹی کو توڑ کر تلنگانہ کی غدار پارٹی مجلس کو کس طرح اہم اپوزیشن کا عہدہ دیا جاسکتا ہے۔ مجلس نے تلنگانہ تشکیل کی مخالفت کی تھی۔