سیکریٹریٹ کو دو ہفتوں تک منہدم نہیں کیا جائیگا ‘ حکومت

ہائیکورٹ میں ایڈوکیٹ جنرل کا تیقن ۔ مفاد عامہ کی درخواست پر آئندہ سماعت 14 نومبر کو

حیدرآباد۔ یکم۔ نومبر (سیاست نیوز) حکومت سکریٹریٹ کو دو ہفتوں تک منہدم نہیں کرے گی۔ حیدرآباد ہائی کورٹ نے آج حکومت کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل کے راما کرشنا ریڈی سے تحریری تیقن حاصل کرتے ہوئے اسے ریکارڈ کیا۔ جسٹس رمیش رنگا ناتھن اور جسٹس اے شنکر نارائنہ نے کانگریس رکن اسمبلی مسٹر ٹی جیون ریڈی کی جانب سے داخل کردہ درخواست مفاد عامہ کی سماعت کے دوران حکومت کو ہدایت دی کہ اندرون دو ہفتہ آئندہ سماعت 14نومبر سے قبل اپنا جوابی حلف نامہ داخل کرے۔ حکومت کی جانب سے سکریٹریٹ کی عمارت کو منہدم کرنے کے منصوبہ اور محکمہ ٔ جات کی منتقلی پر حکم التواء جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ حکومت اپنا عمل جاری رکھ سکتی ہے لیکن کوئی انہدامی کاروائی نہ کی جائے۔ رکن اسمبلی کانگریس مسٹر ٹی جیون ریڈی کی جانب سے داخل ردہ درخواست مفاد عامہ کی سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عدالت اب واستوکے مطابق نہ ہونے والی عمارتوں کے انہدام کے معاملات میں بھی مداخلت کرے یا ان عمارتوں کے متعلق مداخلت کرے جن میں فائر سیفٹی نہیں ہے؟ درخواست گذار کے وکیل مسٹر ستیم ریڈی نے عدالت کو بتایا کہ 1986-87میں تعمیر کردہ عمارتیں مضبوط ہیں لیکن ان عمارتوں کو واستو کے مطابق نہ ہونے کا بہانہ کرتے ہوئے منہدم کیا جا رہا ہے اسی لئے حکومت کی ان کاروائیوں پر روک لگائی جانی چاہئے۔ درخواست گذار کے وکیل کے استدلال پرعدلیہ نے ایڈوکیٹ جنرل سے جواب طلب کیا جس پر انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جوابی حلف نامہ داخل کرنے کیلئے انہیں وقت چاہئے جس پر عدالت نے انہیں 10نومبر تک جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 14نومبر کو مقرر کی ۔ وقت فراہم کئے جانے پر ان عمارتوں کو منہدم کر دیئے جانے کے خدشات پر عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل سے وضاحت طلب کی جس پر انہوں نے عدالت میں اپنا عہد نامہ داخل کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر کسی عمارت کا انہدام عمل میں نہیں آئے گا۔عدالت نے واضح کیا کہ اس اقدام کے سببحکومت کی جانب سے دستور کی دفعہ 14کی خلاف ورزی تو نہیں کی جا رہی ہے اس بات کا جائزہ لیا جانا ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو تمل ناڈو اور کرناٹک کے سکریٹریٹ کی تعمیر میں پیدا کی گئی اسی طرح کی رکاوٹوں کو عدالت کی جانب سے مسترد کئے جانے کے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پیش نظر فائر سیفٹی اور دیگر صیانتی امور کو بہتر بنانے کیلئے نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔