دہشت گردی کا شبہ ، تحقیقات کا آغاز ، وزیراعظم مودی کا پیغام تعزیت
سینٹ پیٹرس برگ ۔ 3 اپریل ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) روس کے دوسرے بڑے شہر سینٹ پیٹرس برگ میں میٹرو ٹرین سسٹم طاقتور دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ۔ حکام نے اس کی توثیق کی اور خبررساں اداروں نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے کہاکہ اس دھماکہ میں کم سے کم 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ استغاثہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’سینٹ پیٹرس برگ کے دفتر استغاثہ نے میٹرو ٹرین میں دھماکے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ‘‘ ۔ ہنگامی خدمات میں باخبر ذرائع نے روسی خبررساں اداروں سے کہاکہ ابتدائی معلومات کے مطابق 10 افردا ہلاک اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔ روس کے اس دوسرے بڑے شہر کے وسط میں زیر زمین ریلوے نٹورک کا یہ مصروف ترین اسٹیشن ہے جہاں دھماکہ ہوا ہے ۔ دھماکے کے بعد دو ریلوے اسٹیشنس بند کردیئے گئے ہیں اور مسافرین کاتخلیہ کردیا گیا ہے۔ صدر ودلایمیر پوٹن نے سینٹ پیٹرس برگ کے قریب اپنے صدارتی محل میں واقع دفتر میں اجلاس منعقد کررہے تھے دھماکہ میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں سے تعزیت کااظہار کیا اور کہا کہ کسی بھی امکان کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا اور تحقیقات میں ہر پہلو پر غور کیاجائیگا ۔ عہدیداروں کے بموجب دہشت گردی کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا ۔ قومی ٹی وی پر حادثہ کی جھلکیاں بتائی گئیں جن کے بموجب ٹرین کے ڈبے کا دروازہ دھماکے سے اُڑکر غائب ہوگیا اور پلیٹ فارم پر لہولہان نعشیں پڑی ہوئیں تھیں۔ دھماکہ مقامی وقت کے بموجب 2:45 بجے دن ہوا ۔ یوروپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فریڈریکا مغرینی نے کہا کہ تمام یوروپی یونین کے وزرائے خارجہ ایک اجلاس کے لئے لکثمبرگ میں جمع تھے جبکہ یہ دھماکہ ہوا ۔ انھوں نے اپنے پیغام تعزیت میں کہاکہ اُن کے خیالات روسی عوام کے ساتھ ہیں۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیراعظم نریندر مودی نے انسانی جانوں کے سینٹ پیٹرس برگ میٹرو سسٹم دھماکہ میں ضائع ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اپنے ٹوئٹر پر انھوں نے کہا کہ روس کی قومی انسداد دہشت گردی کمیٹی کے بموجب نامعلوم دھماکو آلہ اُس وقت دھماکہ سے پھٹ پڑا جب کہ ٹرین دو اسٹیشن کے درمیان تھی ۔