سیتا ایک عقیدے کی بات ہے ۔ ایسے کسی وجود کے تاریخی شواہد موجود نہیں ہیں۔ مہیش شرما

نئی دہلی:مرکزی مملکتی وزیر ( آزاد قلمدان)کلچر اینڈ ٹورازم مہیش شرما نے راجیہ سبھا میں جوابی بیان دیتے ہوئے ایک نئی بحث چھیڑ دی۔

ہندوستان ٹائمز میں شائع خبر کے مطابق‘ چہارشنبہ کے روز کلچر منسٹر نے اپنے تحریری جواب میں کہاکہ سیتاایک عقیدے کی بات ہے اور اس بات کے کوئی تاریخی شواہد موجود نہیں ہے کہ ان کا وجود تھا۔

منسٹر کے اس جواب نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔جواب پر ردعمل پیش کرتے ہوئے اپوزیشن قائدین نے حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اگر سیتا ایک عقیدے کی بات ہیں تو اسی طرح سیتا کے شوہر رام پر بھی یہ بات لازم ہوجاتی ہے کہ وہ بھی عقیدے کا مسئلہ ہیں۔

حکومت سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ لارڈ رام ایک بھگوان ہیں اور منسٹر کے جواب سے ان کے عقیدے میں کمی دیکھائی دیتی ہے۔

بی جے پی کی ایودھیا میں رام مند ر کی تحریک کاحوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی جے پی آج اس مقام پر ہے تو اس رام تحریک کی وجہہ سے ہی ہے۔

یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ مذکورہ رام مندر تحریک کی وجہہ سے سارے ملک میں کئی فرقہ وارانہ فسادات ہوئی جس میں بے شمار لوگوں کی جانیں بھی گئی۔

دیگر اپوزیشن جماعتیں بشمول سماج وادی پارٹی کی جیا بچن ‘ جے ڈی ( یو) ایم پی انل کمار سہانی اور کانگریس کی امبیکاسوانی نے اس پر اعتراض جتایا ‘ تاہم تنازع بڑھتا دیکھ کر کلچر منسٹر نے کہاکہ میں نے جو بیان دیا ہے اس کی غلط تشریح کی جارہی ہے۔