شیفس کی تیار کردہ مختلف ڈشیس کی ہر طرف مہک ، ادارہ سیاست کی سرگرمیوں کا جواب نہیں، مہمانان خصوصی کا تاثر
حیدرآباد 25 اگسٹ (سیاست نیوز) روزنامہ سیاست آئی ٹی سی گرانڈ اور فریڈم برآن آئیل کے تعاون سے سیاست کوکری کلاس کے آخری روز خواجہ منشن فنکشن ہال خواتین اور لڑکیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ ان پکوان کلاسیس میں خواتین ماسٹر شفس کے بتائے ہوئے پکوان کو بڑی دلچسپی سے مشاہدہ اور نوٹ کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ بعض خواتین نے ان سے سوالات بھی کئے۔ آج کوکری کلاسیس کی خاص بات یہ رہی کہ ڈائرکٹر محکمہ سیاحت حکومت تلنگانہ ڈاکٹر کرشنیا ریڈچونگتور (IAS) اور محترمہ لاواٹیلی انگلش لینگویج فیلو یو ایس قونصلیٹ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ ان دونوں خواتین نے ماسٹر شیف شاکلا شنکر کے ہاتھوں تیار کردہ پکوان کو دیکھا اور اس کا مزہ بھی لیا۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے ہاتھوں ان دونوں مہمانان کو مطبخ آصفیہ تحفتاً پیش کی گئی اور گلدستے بھی دیئے گئے۔ ڈائرکٹر کرسٹینا زیڈ چونگتور (IAS) نے سیاست اور آئی ٹی سی گرانڈ کاکتیہ کے تعاون سے پکوان کلاس پر مبارکباد دی اور کہاکہ سیکھنے کے جذبہ کو ہمیشہ پروان چڑھاتے رہنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہاکہ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی سرپرستی میں صرف اخبار ہی شائع نہیں ہورہا ہے بلکہ وہ ایک تحریک بن کر نوجوانوں، طلباء و طالبات، خواتین کے تعلیمی اور معاشی موقف کو مستحکم کرنے کے لئے ہمیشہ آگے ہے۔ انھوں نے کہاکہ روزنامہ سیاست کے ذریعہ نوجوانوں کو پولیس میں بھرتی، پائیلیٹ کی تربیت اور اُن کی مدد، تعلیمی امداد اور سیلاب زدگان کی مدد کا جو بیڑہ اُٹھایا گیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ انھوں نے کہاکہ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے کے لئے سیاست کے ہاں دو بہ دو ملاقات بھی ایک مفید و کارآمد پروگرام ہے جس کے بہتر نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں فوڈ فیسٹیول کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے جس میں خواتین و طالبات کی بڑی تعداد شریک رہتی ہے اور کہاکہ اس بار سیاست کے تعاون سے ماہ نومبر میں فوڈ فیسٹیول کا اہتمام کیا جائے گا۔ آج کوکری پکوان کلاس کے آخری روز بھی فریڈم رائس برآن آئیل کی فیس بُک پر خواتین و طالبات نے لائیک کیا جن میں زرینہ مہین، عشرت پروین، نشاط فاطمہ، شفیق خان کو ڈاکٹر کرسٹینا زیڈ چونگتور اور محترمہ لارا نیلی کے ہاتھوں فریڈم رائیس برآن آئیل کے کیان تحفتاً دیئے گئے۔ اس کے علاوہ VSR فوڈس اور تواکیر کی جانب سے قرعہ میں منتخب ہونے والوں کو بھی تحفے دیئے گئے۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے آج کہاکہ حیدرآباد کی آن و شان ذائقہ دار کھانوں سے ہی ہے اور حیدرآباد ہی نہیں بلکہ ہندوستان اور بیرون ممالک میں حیدرآبادی بریانی کے بڑے چرچے ہیں اور لوگ مزہ لے کر کھاتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اس بریانی کو جتنا گھروں میں بڑے اہتمام کے ساتھ پکایا جاتا ہے اتنا ہوٹلس میں دیکھنے کو نہیں ملتا۔