آفات سماوی ، فسادات کے متاثرین اور ذہین طلبہ کی غیر معمولی مدد
کپڑا بنک دوسروں کے لیے مثال ، غریب خاندانوں کی امداد کو اولین ترجیح
حیدرآباد ۔ 12 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : خدمت خلق سب سے بڑی عبادت ہے ۔ غریبوں ، محتاجوں ، مجبوروں و بے کسوں کی مدد کے لیے وہی ادارے اور لوگ آگے آتے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ توفیق عطا کرتے ہیں اور اپنے بندوں کی خدمت کیلئے منتخب کرلیتے ہیں ۔ ایسے اداروں میں روزنامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ ہے جو بلا لحاظ مذہب و ملت پریشان حال لوگوں کی مدد کررہے ہیں۔ ان اداروں کے فلاحی و خیراتی کاموں سے جہاں آفات سماوی سے متاثرہ لوگوں کو راحت نصیب ہورہی ہے وہیں مسلم کش فسادات کے متاثرین کو غیر معمولی مدد مل رہی ہے ۔ ساتھ ہی ملت کے ہونہار طلباء وطالبات کو اپنے خوابوں کی تکمیل کے مواقع بھی دستیاب ہورہے ہیں ۔ حال ہی میں سیاست ملت فنڈ ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ کے تعاون و اشتراک سے عابد علی خاں آئی ہاسپٹل میں کپڑا بنک شروع کیا گیا ۔ جس پر حیدرآباد اور دنیا بھر میں پھیلے ہوئے قارئین سیاست کا حوصلہ افزاء ردعمل حاصل ہوا ۔ نتیجہ میں کپڑا بنک کو ہزاروں ملبوسات حاصل ہوئے جن میں سے تقریبا 25 ہزار جوڑے بہار کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کئے گئے جہاں تک فیض عام ٹرسٹ کا سوال ہے یہ ٹرسٹ اپنے چیرمین ڈاکٹر شمشاد حسین اور سکریٹری و ٹرسٹی جناب افتخار حسین کی قیادت میں ملت کے غریب مرد و خواتین اور طلبہ کی مالی مدد میں ہمہ تن مصروف ہے ۔ ہفتہ کو فیض عام ٹرسٹ کی انتظامی کمیٹی کا 67 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں جناب افتخار حسین نے بتایا کہ یکم نومبر 2015 سے 29 فروری 2016 کے درمیان کشمیر اور بہار جیسے مقامات پر پیش آئے آفات سماوی کے متاثرین میں 384030 روپئے کی امداد تقسیم کی گئی ۔ فنی تعلیم کیلئے 4,64,577 روپئے غریب طلبہ میں بطور امداد تقسیم کئے گئے ۔ پرائمری ایجوکیشن کیلئے 21,72,141 کے عطیات دئیے گئے ۔ طبی امداد پر 1,21,071 روپئے مصارف برداشت کئے گئے ۔ غریب لڑکیوں کو 92,400 روپئے کے خرچ سے نرسنگ کورسیس کرائے گئے ۔ نومبر 2015 اور فروری 2016 جملہ 32,34,219 روپئے کی امداد فراہم کی گئی ۔ انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں موجود ڈاکٹر شمشاد حسین ، ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، جناب رضوان حیدر ٹرسٹی ، ڈاکٹر مخدوم محی الدین ٹرسٹی فیض عام ٹرسٹ اور ارکان ڈاکٹر سمیع اللہ خاں ، آقا مجاہد حسین ، علی حیدر عامر ، سید حیدر علی اور خصوصی مدعوئین پروفیسر خواجہ ناصر الدین اور غلام یزدانی ایڈوکیٹ کو جناب افتخار حسین نے فیض عام ٹرسٹ کی کارکردگی سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ فیض عام ٹرسٹ کی سرگرمیوں میں اسے ادارہ سیاست کا بھر پور تعاون حاصل ہے ۔ چنانچہ حیدرآباد سے لے کر یوپی مظفر نگر ، دہلی اور کشمیر میں سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے بہت کام کیا ہے ۔ انہوں نے طلبہ کی مدد میں ڈاکٹر فوزیہ صفی اللہ اور محترمہ فرحت یاسمین کے جذبہ خیر سگالی کا حوالہ بھی دیا ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے بتایا کہ سیاست ملت فنڈ کے کام میں فیض عام ٹرسٹ کا بھی تعاون حاصل ہے ۔ خاص طور پر تعلیمی شعبہ میں یہ باہمی تعاون و اشتراک مثالی ہے ۔ اجلاس میں یہ بھی طئے پایا کہ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے جو کپڑا بینک چلایا جارہا ہے ۔ اس کے تحت شہر کے ایسے علاقوں کا انتخاب کیا جائے گا جہاں کے لوگوں کو ملبوسات کی شدید ضرورت ہو ۔ اجلاس کے بعد فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے ایم بی بی ایس میں فری سیٹ حاصل کرنے والی ہونہار طالبہ عائشہ جبین کی والدہ صبا فاطمہ کو سیونگ مشن پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر ان کے شوہر جمیل حسین ( فرنیچر پالش کرنے کا کام کرتے ہیں ) اور ان کے 12 بچے عطوفہ جبین ، ادیبہ جبین ، عافیہ جبین ، عرشیہ جبین ، بھائی مزمل حسین ، شاذیہ جبین ، محمد مصطفی حسین ، آیت جبین اور مجتبیٰ حسین ، محمد معراج بھی موجود تھے ۔ عائشہ جبین کو ایمسیٹ میں سیاست نے اسپانسر کیا تھا ۔ اب فیض عام ٹرسٹ نے ان تمام بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔