نیویارک ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کیلیفورنیا کے یوزمائٹ نیشنل پارک میں جاریہ ہفتہ ہوئے ایک المناک حادثہ میں ایک ہندوستانی جوڑا ڈھلان سے لڑھک کر انتہائی گہری کھائی میں جاگرا جس سے ان کی موت واقع ہوگئی۔ اخبار سان فرانسسکو کرانیکل کے مطابق مہلوکین کی 29 سالہ وشنو وشوناتھ اور 30 سالہ میناکشی مورتی کی حیثیت سے شناخت عمل میں آئی۔ یہ شادی شدہ جوڑا امریکہ میں گذشتہ کچھ سالوں سے مقیم تھا۔ رینجرس نے ان کی نعشوں کو انتہائی ڈھلان والے علاقہ سے حاصل کرلیا جو یہاں کے ٹیفٹ پوائنٹ سے 800 فٹ گہری کھائی میں گر گئے تھے۔ یہ ایک مشہور سیاحتی مقام ہے جہاں لوگ خوبصورت قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے آتے ہیں لیکن ذراسی بھی لاپرواہی سے یہی مناظر جان لیوا بھی بن جاتے ہیں۔ نیشنل پارک کے ترجمان کا کہنا ہیکہ اسے اب بھی اس بات پر حیرت ہیکہ ہندوستانی جوڑا نیچے کیسے گرا۔ ہم یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ ایسا کیوں ہوا؟ ہوسکتا ہیکہ ہمیں اس کی وجہ کبھی معلوم نہ ہو لیکن اتنا ضرور کہہ سکتا ہوں کہ یہ ایک المناک حادثہ تھا۔