سکیورٹی قوانین پر عمل سے ہی تمام کی سلامتی یقینی : وزیراعظم

عوام کو روز مرہ زندگی میں اپنی حفاظت کرنے احتیاط کرنا ضروری ، مضبوط اور خود کفیل خاتون ہی نیوانڈیا کا خواب
نئی دہلی، 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی کی سیکورٹی کے لئے محتاط رہنے اور قواعد و ضوابط پر عمل کو ضروری قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ ان پر تعمیل سے ہم نہ صرف اپنی زندگی کو محفوظ رکھ سکتے ہیں بلکہ سماج کو بھی بڑے حادثات سے بچا سکتے ہیں ۔مسٹر مودی نے اپنے ماہانہ ‘من کی بات’ کے 41 ویں ایڈیشن میں کہا کہ چار مارچ کو قومی سلامتی دن منایا جائے گا۔ روز مرہ کی زندگی میں سیکورٹی پر احتیاط ضروری ہے ۔اس سے نہ صرف قدرتی آفات کے وقت زندگی کو محفوظ رکھنے میں مدد ملے گی بلکہ حادثات سے بھی بچا جا سکتا ہے ۔روز مرہ کی زندگی میں سیکورٹی کو لے کر اگر ہم بیدار نہیں ہوتے ہیں تو پھر تباہی کے دوران اس سے پار پانا مشکل ہو جاتا ہے ۔ مودی نے کہا کہ روز مرہ زندگی میں اگر ہم سڑکوں کے کنارے سیکورٹی کیلئے درج تحریروں کی پیروی کریں تو بھی زندگی بچائی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا سڑکوں پر محفوظ سفر کیلئے”سترکتا ہٹی- درگھٹنا گھٹی” اور،” ایک بھول کرے نقصان، چھینے خوشیاں اورمسکان”،” اتنی جلدی نہ دنیا چھوڑو سرکشا سے اب ناطہ جوڑو”، ”سرکشا سے نہ کرو کوئی مستی ، ورنہ زندگی ہوگی سستی” جیسے بہت سے مفید جملے لکھے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا”ان جملوں کا ہماری زندگی میں کبھی کبھی کوئی استعمال ہی نہیں ہوتا ہے ۔ قدرتی آفات کو اگر چھوڑ دیں تو زیادہ تر حادثات ، ہماری کوئی نہ کوئی غلطی کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ اگر ہم ہوشیار رہیں، ضروری قوانین پر عمل کریں تو ہم اپنی زندگی کی حفاظت تو کر ہی سکتے ہیں، اور بہت بڑے حادثات سے بھی ہم سماج کو بچا سکتے ہیں۔کبھی کبھی ہم نے دیکھا ہے کہ کام کے علاقے میں سیکورٹی کو لے کر بہت سے جملے لکھے ہوتے ہیں لیکن جب ہم غور کرتے ہیں تو کہیں اس پر عمل ہوتا نظرہی نہیں آتا ہے ”۔

مسٹر مودی نے ذاتی زندگی میں لوگوں کو محتاط رہنے کے ساتھ ہی شہری بلدیات اور میٹروپولیٹن کارپوریشنوں پر زور دیا ہے کہ وہ آگ سے بچنے کے اقدامات کے بارے میں ہفتے میں یا مہینے میں ایک بار مختلف اسکولوں میں جائیں اور آگ بجھانے والی ٹیم کے ذریعے فرضی ڈرل کرکے بچوں کو آگ سے بچاؤ کے طریقے سمجھائیں۔ اس سے بچوں میں محتاط رہنے کی عادت پیدا ہوگی اور نئی نسل کو اس کی تعلیم بھی ملے گی۔ اس میں اضافی خرچ بھی نہیں آئے گا اور یہ ایک طرح سے تعلیم کا ہی حصہ بنے گا۔آفات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک نے کئی قدرتی اور انسانی آفات کو جھیلا ہے اور آج نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آفات سے نمٹنے کے انتظامات کی قیادت کر رہا ہے ۔ زلزلہ، سیلاب، طوفان، اور لینڈ سلائیڈنگ جیسی آفات میں این ڈی ایم اے فوری طور پر پہنچتا ہے اور ریلیف اور بچاؤآپریشن شروع کر دیتا ہے ۔ ان آفات سے نمٹنے رضاکاروں کو تربیت دیکر’ڈیزاسٹر فرینڈ’ نام کی پہل کی گئی ۔ وزیر اعظم نے خواتین کو بااختیار بنانے ان کی خود انحصاری پر اصرارکرتے ہوئے آج کہا کہ مضبوط، خود کفیل اور ملک کی مجموعی ترقی میں برابر کی شریک ‘عورت’ ہی نیو انڈیا کا خواب ہے ۔مودی نے کہا کہ ملک خواتین کی ترقی سے آگے خاتون کی قیادت کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ناری شکتی نے اپنے کاموں سے خود کفیل ہونے اور پراعتماد ہونے کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انھوں نے خود کو خود کفیل بنایا ہے اور خود کو آگے بڑھا کر ملک و سماج کو بھی آگے بڑھانے اور ایک نئے مقام پر لے جانے کا کام کیا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا، ” آخر ہمارا ‘نیو انڈیا’ کا خواب یہی تو ہے جہاں عورت مضبوط ہو، خود کفیل ہو، ملک کی مجموعی ترقی میں برابر کی شریک ہو”۔انھوں نے سوامی وویکانند کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نسوانیت کا خیال مکمل آزادی میں مضمر ہے ۔ یہ خیال ہندوستانی ثقافت میں عورت کی طاقت کے کا اظہار کرتا ہے ۔