کلیان: ایک جانب لگاتار ۴؍ روزسے ہونے والی موسلادھار بارش نے شہریوں کی زندگی اجیرن کررکھی ہے تودوسری جانب کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن کے حد درجہ بے حسی او رلاپرواہی کے سبب اندہناک سڑک حادثوں میں بے گناہ شہریوں کو اپنی قیمتی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے ۔کے ڈی ایم سی انتظامیہ کی لاپرواہی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ڈومبیو لی میں رہائش پذیر ایک شہری نے ڈی کے ایم سی کے حدود میں واقع راستوں سے موٹر سیکل سوار ہوکر سفرکرنے کے دوران ان کے ساتھ کوئی حادثہ پیش نہ آئے اسلئے پولیس محکمہ سے پرٹیکشن کامطالبہ کیا ہے ۔
چراغ ہریا نامی شخص کے پولیس کودئے گئے مطالباتی مکتوب پورے شہر میں موضوع بحث ہے ۔ڈومبیو لی کے راجا کی پت کے رہنے والے چراغ ہریا ممبئی اسٹا ک ایکسچینج میں ملازمت کرتے ہیں اور کی بیوی سنجنا ایک بیوٹی پارلر چلاتی ہیں ۔او ربیٹی پریا اسکول میں تیسری جماعت میں تعلیم حاصل کرتی ہے ۔چراغ روزانہ اپنی موٹر بائیک سے اسی راستہ سے جاتا ہے ۔
واضح رہے کہ ۲؍ جون کو کلیان کے شیواجی چوک میں خراب سڑک کی وجہ سے ہوئے حادثہ میں ایک ۸؍ سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا تھا ۔بعد ازاں۷؍ جولائی کو منیشا نامی ایک نوجوان لڑکی خراب سڑک کی وجہ سے موٹرسیکل سے گر پڑی اوربس کے پچھلے ٹائر کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی ۔ان دو جان لیوا حادثوں کے بعد بھی محکمہ ہوش میں نہیںآیا ۔حالانکہ سڑک کی کشادگی کے لئے کروڑو ں روپے مختص کئے ہیں ۔شہر کے خستہ حال سے پریشان چراغ ہریا نے اپنی فیملی کی حفاظت کو مقدم ر کھ کر مہاتما پھلے پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر سے ملاقات کی اورموٹر سیکل چلانے کے دوران پولیس بندوبست کا مطالبہ کیا ۔